یوکرین تنازع ، حل کیلئے سفارتی کوششوں کی حمایت جاری رہے گی،پاکستان

 فریقین کشیدگی سے گریز، عالمی قانون کی پاسداری کریں، حیدر شاہ کا سلامتی کونسل میں خطاب 
نیویارک(آئی این پی )پاکستان نے یوکرین تنازع کے حل کیلئے جنگ بندی، مذاکرات اور سفارتکاری پر زور د یاہے ۔یہ بات اقوام متحدہ کیلئے پاکستان کے مستقل مندوب سید حیدر شاہ نے سلامتی کونسل کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہی ۔انہوں نے کہا کہ یوکرین جنگ کی شدت اور شہری ہلاکتوں میں اضافے پر پاکستان کو گہری تشویش ہے، توانائی کی تنصیبات، ذرائع نقل و حمل اور تجارتی جہازوں پر حملے تشویشناک ہیں۔سید حیدر شاہ نے کہا کہ فریقین مزید کشیدگی سے گریز اور بین الاقوامی قانون کی پاسداری کریں، یوکرین تنازع کا پرامن حل ہی واحد قابل عمل اور ذمہ دارانہ راستہ ہے۔ان کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان یوکرین تنازع کے پائیدار حل کیلئے سفارتی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔