ملکی سیاسی منظرنامے میں تیزی سے بدلتی ہوئی صورتحال کے تناظر میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت کا ایک اہم اجلاس آج مری میں منعقد ہو رہا ہے، جس میں پارٹی کے اہم فیصلوں اور ملکی سیاست کے مستقبل کے حوالے سے مشاورت کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق پارٹی کے قائد نواز شریف، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز مری پہنچ چکے ہیں، جہاں اجلاس کے مقام ڈونگا گلی میں موجودگی کے دوران اہم مشاورتی ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان ایک طویل مشاورتی ملاقات ہو چکی ہے، جس میں ملکی سیاسی صورتحال، عدالتی فیصلوں اور پارلیمانی حکمت عملی سمیت مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔پارٹی ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی مرکزی قیادت کا باقاعدہ اجلاس اتوار کے روز مری میں متوقع ہے، جس میں درج ذیل امور زیر غور آئیں گے:
سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے پر غور اور ردعمل کی حکمت عملی
موجودہ سیاسی صورتحال اور اتحادی جماعتوں کے ساتھ تعلقات
آئندہ بلدیاتی اور ضمنی انتخابات کے لیے حکمت عملی
پارٹی تنظیمی ڈھانچے میں ممکنہ رد و بدل
عوامی رابطہ مہم اور بیانیے کی سمت کے حوالے سے فیصلے
سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ یہ اجلاس ن لیگ کی آئندہ سیاسی حکمت عملی کے تعین میں اہم سنگ میل ثابت ہو سکتا ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب ملک کی اعلیٰ عدلیہ کے فیصلے، معاشی چیلنجز اور سیاسی عدم استحکام حزبِ اقتدار کے لیے بڑے امتحان بن چکے ہیں۔مزید یہ کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی حالیہ سرگرمیوں اور عوامی فلاحی منصوبوں کے حوالے سے بھی اجلاس میں رپورٹ پیش کیے جانے کا امکان ہے۔پارٹی ترجمان کی جانب سے اجلاس کے بعد ممکنہ طور پر میڈیا کو تفصیلات سے آگاہ کیا جائے گا۔