خیبرپختونخوا اپیکس کمیٹی کا اہم اجلاس آج طلب، 12 حساس اضلاع میں فوج کی تعیناتی پر غور متوقع

خیبرپختونخوا اپیکس کمیٹی کا اہم اجلاس آج طلب، 12 حساس اضلاع میں فوج کی تعیناتی پر غور متوقع

ویب ڈیسک: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبائی اپیکس کمیٹی کا اجلاس آج طلب کر لیا ہے، جس میں صوبے کی امن و امان کی صورتحال اور حساس اضلاع میں سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔

اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی شرکت بھی متوقع ہے، جبکہ اعلیٰ عسکری حکام بھی اجلاس میں شریک ہوں گے۔ذرائع کے مطابق اجلاس کی صدارت گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کریں گے۔ اجلاس میں صوبے کو درپیش سیکیورٹی چیلنجز، دہشت گردی کے واقعات اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر غور کیا جائے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں خیبرپختونخوا کے 12 حساس اضلاع کی صورتحال خصوصی طور پر زیرِ بحث آئے گی۔ ان اضلاع میں سیکیورٹی انتظامات مزید مؤثر بنانے اور ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے مختلف تجاویز پر غور کیے جانے کا امکان ہے۔اجلاس کے اہم ایجنڈے میں حساس اضلاع میں فوج کی تعیناتی اور اس حوالے سے ضروری اقدامات کا معاملہ بھی شامل بتایا جاتا ہے۔ تاہم فوج کی تعیناتی سے متعلق حتمی فیصلے اور اس کی تفصیلات اجلاس کے بعد ہی واضح ہوسکیں گی۔

اجلاس میں وفاقی اور صوبائی حکام کے ساتھ اعلیٰ عسکری قیادت کی شرکت کو بھی اہم قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے متعلقہ اداروں کے درمیان رابطوں اور تعاون کی ضرورت پر زور دیا جاتا رہا ہے۔اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں ہونے والے فیصلوں کے پیش نظر خیبرپختونخوا کے حساس علاقوں میں سیکیورٹی حکمت عملی اور انتظامی اقدامات سے متعلق آئندہ کی سمت کا تعین متوقع ہے۔