ارجنٹینا کو 1986 فٹبال ورلڈکپ جتوانے والے لیجنڈری فٹبالر ڈیاگو میراڈونا کے انتقال کے بعد ان کے علاج میں غفلت برتنے کے الزام میں ڈاکٹر سمیت سات افراد کے خلاف مقدمے کی سماعت شروع کردی گئی ہے۔
یہ مقدمہ میراڈونا کی موت کے بعد ان کے اہل خانہ اور سابق معالجین کی جانب سے دائر کیا گیا ہے۔ میراڈونا کے علاج میں غفلت کے باعث ان کی موت پر نیوروسرجن سمیت طبی عملے کے سات افراد پر الزام عائد کیا گیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق، مقدمے میں 100 سے زائد گواہان عدالت میں پیش ہوں گے، جن میں میراڈونا کے اہل خانہ اور سابق معالجین شامل ہیں۔ طبی ماہرین کے پینل کا کہنا ہے کہ اگر میراڈونا کو مناسب طبی سہولت دی جاتی تو ان کی جان بچائی جا سکتی تھی۔
ڈیاگو میراڈونا، جو 80 کی دہائی میں فٹبال کے سب سے کامیاب کھلاڑیوں میں سے ایک تھے اور "دی گولڈن بوائے" کے لقب سے مشہور تھے، 2020 میں 60 برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔ میراڈونا نے ارجنٹینا کو 1986 فٹبال ورلڈکپ جتوانے میں اہم کردار ادا کیا تھا اور ان کی ڈریبلنگ اور پاسنگ کی مہارتیں دنیائے فٹبال میں مشہور ہیں۔ان کے انتقال کے بعد، لیونل میسی کی قیادت میں ارجنٹینا نے 2022 میں تیسری بار فیفا ورلڈکپ جیتا۔