پاکستان ہاکی ٹیم کو ورلڈکپ کے افتتاحی میچ میں انتظامی غفلت کی وجہ سے شرمندگی کا سامنا

پاکستان ہاکی ٹیم کو ورلڈکپ کے افتتاحی میچ میں انتظامی غفلت کی وجہ سے شرمندگی کا سامنا

ہاکی ورلڈ کپ 2026 کے افتتاحی میچ میں انگلینڈ کے خلاف پاکستان کی ٹیم کو ایک غیر معمولی اور حوصلہ شکن صورتحال کا سامنا کرنا پڑا۔
رپورٹس کے مطابق، پاکستانی کھلاڑی پنالٹی کارنر کے دوران استعمال ہونے والا ضروری حفاظتی سامان ڈریسنگ روم میں ہی بھول گئے تھے۔مخالف ٹیم کو پنالٹی کارنر ملنے کے بعد جب انہیں یہ معلوم ہوا کہ حفاظتی سامان میدان میں موجود نہیں ہے، تو ٹیم کے کھلاڑی عماد بٹ فوری طور پر ڈریسنگ روم کی جانب دوڑے اور حفاظتی سامان لے کر واپس میدان میں پہنچے۔اس دوران ریفری نے قومی ٹیم کے کپتان کو گرین کارڈ دکھا کر 2 منٹ کے لیے میدان سے باہر کردیا، جس نے پاکستان کی حکمت عملی اور کارکردگی پر اثر ڈالا۔سابق اولمپیئن سلمان اکبر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنی رائے ظاہر کرتے ہوئے لکھا کہ اس نوعیت کی غفلت نے ٹیم کی تیاری اور انتظامی نظم و ضبط پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔

انہوں نے زور دیا کہ پنالٹی کارنر کے دوران حفاظتی سامان کی اہمیت بہت زیادہ ہے کیونکہ یہ کھلاڑیوں کی سلامتی کے لیے لازمی سمجھا جاتا ہے۔اس واقعے کے بعد پاکستان کو انگلینڈ کے خلاف 1-4 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ورلڈ کپ جیسے عالمی مقابلوں میں صرف حکمت عملی، فٹنس اور کھیل کی مہارت ہی کافی نہیں، بلکہ منظم اور پیشہ ورانہ رویہ بھی اتنا ہی ضروری ہے تاکہ ٹیم کی کارکردگی کو بہتر بنایا جا سکے۔