جعفر ایکسپریس حملے پر پی ٹی آئی اور بھارتی میڈیا کی یکساں زبان: خواجہ آصف

جعفر ایکسپریس حملے پر پی ٹی آئی اور بھارتی میڈیا کی یکساں زبان: خواجہ آصف

وفاقی وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے بلوچستان میں ہونے والے جعفر ایکسپریس حملے کے حوالے سے ایک بیان میں کہا کہ دورانِ آپریشن پی ٹی آئی اور بھارتی میڈیا کی زبان ملتی جلتی تھی۔

 خواجہ آصف نے اس موقع پر قوم کے بہادر محافظوں کی تعریف کی، جنہوں نے اس دہشت گرد حملے میں 33 دہشت گردوں کو ہلاک کرکے ملک کو بڑے سانحے سے بچا لیا اور جعفر ایکسپریس کے تمام یرغمالیوں کو بازیاب کروا لیا۔انہوں نے کہا کہ اس آپریشن کے دوران پی ٹی آئی اور بھارتی میڈیا کی جانب سے ایک ہی زبان بولی گئی، اور افغانستان سے بھی سوشل میڈیا پر ایسی ہی زبان استعمال کی گئی۔ وزیر دفاع نے اس بات پر زور دیا کہ ہمیں سیاسی مفادات سے بالاتر ہو کر قومی وحدت کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔یاد رہے کہ 11 مارچ کو بلوچستان کے علاقے بولان میں دہشت گردوں نے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس پر حملہ کیا اور مسافروں کو یرغمال بنا لیا، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔

پاکستان کی سیکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کی اور 190 مسافروں کو بازیاب کر لیا، جبکہ 33 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ اس آپریشن میں 4 ایف سی جوان بھی شہید ہو گئے، اور 21 مسافروں کو دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز کے آپریشن سے پہلے شہید کر دیا تھا۔آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے ایک پریس بریفنگ میں اس کامیاب آپریشن کے حوالے سے تفصیلات فراہم کیں۔