لاہور: جعفر ایکسپریس پر ہونے والے دہشت گردانہ حملے کے متاثرین کی معلومات فراہم کرنے کے لیے راولپنڈی ریلوے اسٹیشن پر ہیلپ ڈیسک قائم کر دیا گیا ہے۔
ترجمان ریلویز کے مطابق، مسافر ہیلپ ڈیسک سے اپنی متعلقہ معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔ راولپنڈی ہیلپ ڈیسک کوئٹہ اور پشاور کنٹرول سے رابطے میں ہے تاکہ مکمل معلومات فراہم کی جا سکیں۔کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر انکوائری آفس میں ایمرجنسی سیل بھی قائم کر دیا گیا ہے، جہاں متاثرہ افراد مزید معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ، ہیلپ لائن نمبر 0819201210، 0819201211 اور 117 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔اس وقت کوئٹہ کا ٹرین آپریشن عارضی طور پر معطل ہے، جو سیکیورٹی کلیئرنس کے بعد دوبارہ شروع کیا جائے گا۔یاد رہے کہ گزشتہ روز کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس پر حملے کے دوران 500 مسافروں کو یرغمال بنا لیا گیا تھا۔ سیکیورٹی فورسز کے کلیئرنس آپریشن میں 27 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے اور 155 مسافروں کو بازیاب کروا لیا گیا۔
ٹرین کوئٹہ سے صبح ساڑھے نو بجے روانہ ہوئی تھی، اور جب یہ گڈالار اور پیرو کنری کے علاقوں سے گزری، تو نامعلوم مسلح افراد نے ٹرین پر فائرنگ کی۔ اس حملے میں ٹرین کے ڈرائیور کو شدید زخم آئے، جو بعد ازاں چل بسے۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، دہشت گردوں کے خلاف آپریشن جاری ہے، تاہم خود کش بمباروں نے عورتوں اور بچوں کو ڈھال کے طور پر استعمال کیا ہے۔ اس وجہ سے آپریشن میں انتہائی احتیاط برتی جا رہی ہے۔