سندھ اسمبلی کا اجلاس پیر تک ملتوی، عوامی سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیح قرار

سندھ اسمبلی کا اجلاس پیر تک ملتوی، عوامی سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیح قرار

سندھ کے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے سندھ اسمبلی میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

 انہوں نے دعویٰ کیا کہ آئی ایم ایف کی پابندیوں کے باوجود سندھ حکومت نے ریکارڈ ترقیاتی کام کروائے۔مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ صحت اور تعلیم کے شعبوں کو سب سے زیادہ ترجیح دی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ رواں مالی سال میں صرف صحت کے شعبے پر 344 ارب روپے خرچ کیے گئے۔وزیراعلیٰ نے بتایا کہ قومی ادارہ برائے امراض قلب (NICVD) نے پورے پاکستان سے آنے والے مریضوں کا مفت علاج کیا، جبکہ ایس آئی سی وی ڈی (SICVD) کے تحت پورے صوبے میں اسپتالوں کا مضبوط نیٹ ورک قائم کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ گمبٹ انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں 308 لیور ٹرانسپلانٹ کیے گئے، جو ایک اہم سنگ میل ہے۔ بچوں کی صحت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے بتایا کہ ایس آئی سی ایچ (SICH) بچوں کی صحت کا دنیا کا سب سے بڑا نیٹ ورک بن چکا ہے، جہاں مفت سہولیات دی جا رہی ہیں۔

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ جناح اسپتال (JPMC) میں گزشتہ دو سالوں میں بستروں کی تعداد دوگنی کر دی گئی ہے، جبکہ یہاں دنیا کا واحد سائبر نائف مرکز بھی قائم ہے جہاں مفت علاج مہیا کیا جاتا ہے۔ انہوں نے بلقیس عبدالستار ایدھی بریسٹ ریڈیالوجی اسپتال کی تعمیر کا بھی ذکر کیا۔انہوں نے مزید بتایا کہ ایس آئی یو ٹی (SIUT) اب جنوبی ایشیا کا سب سے بڑا سرکاری طبی ادارہ بن چکا ہے اور یہاں پاکستان کا سب سے بڑا ڈائیلاسز سینٹر کام کر رہا ہے۔دوسری جانب سندھ اسمبلی کا اجلاس پیر کی صبح 10 بجے تک ملتوی کر دیا گیا ہے۔