بلوچستان کے آئندہ مالی سال 2025-26ء کا بجٹ 17 جون کو پیش کیا جائے گا۔ اس حوالے سے گورنر بلوچستان جعفر مندوخیل نے صوبائی اسمبلی کا بجٹ اجلاس 17 جون کو سہ پہر 4 بجے طلب کر لیا ہے۔
صوبائی وزیر خزانہ شعیب نوشیروانی کوئٹہ میں بجٹ پیش کریں گے۔ حکومت بلوچستان کی جانب سے بجٹ کی تیاری مکمل کرلی گئی ہے اور حتمی شکل دی جا رہی ہے۔وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی کی سربراہی میں بجٹ کی تیاری کے سلسلے میں پارلیمانی رہنماؤں سے مشاورت کا عمل جاری ہے۔ وزیر اعلیٰ نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ بجٹ کو تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے مؤثر، جامع اور عوامی فلاح و ترقی کو مدنظر رکھ کر ترتیب دیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق بجٹ میں تعلیم، صحت، سیکیورٹی اور ترقیاتی منصوبوں کے لیے خطیر رقم مختص کیے جانے کا امکان ہے، جب کہ مالی نظم و ضبط اور ٹیکس اصلاحات پر بھی زور دیا جائے گا۔