حزب اللّٰہ کا ایران اسرائیل جنگ سے دور رہنے کا اعلان

حزب اللّٰہ کا ایران اسرائیل جنگ سے دور رہنے کا اعلان

بیروت: ایران پر اسرائیلی حملوں کے بعد مشرق وسطیٰ میں جنگ کے پھیلاؤ کا خطرہ بڑھ گیا ہے، تاہم لبنان میں ایرانی حمایت یافتہ عسکری گروپ حزب اللّٰہ نے واضح کیا ہے کہ وہ اس جنگ کا حصہ نہیں بنے گا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق، حزب اللّٰہ کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے تصدیق کی کہ

"ہم ایران پر حملے کے ردعمل میں اسرائیل پر خود سے کوئی حملہ نہیں کریں گے۔"
حزب اللّٰہ نے ایک عوامی بیان میں اسرائیلی حملوں کو

"سفاکانہ جارحیت اور پورے خطے کو جنگ میں جھونکنے کی سازش" قرار دیا اور ایران کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ:

اسرائیل کی جانب سے ایرانی جوہری تنصیبات اور سائنسدانوں پر حملے انتہائی خطرناک اقدام ہیں۔
اسرائیل خطے کو آگ میں دھکیلنے والے اقدامات کر رہا ہے، جس کے تباہ کن نتائج برآمد ہو سکتے ہیں۔
ادھر لبنانی وزارت خارجہ نے بھی کشیدہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ:

"ہم لبنان کو ممکنہ جنگی ردعمل سے محفوظ رکھنے کے لیے سفارتی سطح پر رابطے کر رہے ہیں۔"
یہ اعلان ایک ایسے وقت پر سامنے آیا ہے جب ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی خطرناک حد تک بڑھ چکی ہے، اور علاقائی قوتیں ممکنہ طور پر جنگ سے بچاؤ کی حکمت عملی اختیار کر رہی ہیں۔