عبداللہ شفیق کا ویسٹ انڈیز میں تاریخی کارنامہ، 49 سال پرانا پاکستانی ریکارڈ توڑ دیا

عبداللہ شفیق کا ویسٹ انڈیز میں تاریخی کارنامہ، 49 سال پرانا پاکستانی ریکارڈ توڑ دیا

پاکستان کے اوپننگ بلے باز عبداللہ شفیق نے ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں شاندار اور یادگار اننگز کھیلتے ہوئے نہ صرف ٹیم کو مضبوط پوزیشن میں پہنچایا بلکہ ایک تاریخی اعزاز بھی اپنے نام کر لیا۔

کوئینز پارک اوول میں تیسرے روز کھیل کا آغاز ہوا تو کپتان بابر اعظم 84 جبکہ عبداللہ شفیق 107 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔ دونوں بلے بازوں نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کی اننگز کو مستحکم کیا۔پاکستان کی پوری ٹیم 387 رنز پر آل آؤٹ ہوئی، جبکہ عبداللہ شفیق 160 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیل کر نمایاں رہے۔ ان کی یہ اننگز ٹیم کے لیے انتہائی اہم ثابت ہوئی اور میچ میں پاکستان کی پوزیشن مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔عبداللہ شفیق ویسٹ انڈیز کی سرزمین پر ٹیسٹ کرکٹ میں 150 سے زائد رنز بنانے والے 49 سال بعد پہلے پاکستانی بیٹر بن گئے ہیں۔ اس سے قبل 1977 میں ماجد خان نے گیانا میں 167 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔

اعداد و شمار کے مطابق پاکستان کی جانب سے بیرونِ ملک ٹیسٹ کرکٹ میں کھیلی گئی 150 سے زائد رنز کی گزشتہ چار اننگز میں سے تین عبداللہ شفیق کے نام ہیں، جو ان کی مستقل مزاجی اور عمدہ کارکردگی کا واضح ثبوت ہے۔دوسری جانب ویسٹ انڈیز نے اپنی دوسری اننگز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 103 رنز بنا لیے ہیں اور اسے پاکستان کے خلاف 60 رنز کی مجموعی برتری حاصل ہو گئی ہے، جس کے باعث میچ دلچسپ مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔