پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی سلیکشن کمیٹی اور ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے مشاورت سے بنگلادیش اور ویسٹ انڈیز کے مجوزہ دوروں کے لیے 25 رکنی ابتدائی اسکواڈ منتخب کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اس اسکواڈ میں فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کو شامل کیا گیا ہے، تاہم حیران کن طور پر سابق کپتان بابر اعظم اور تجربہ کار وکٹ کیپر محمد رضوان کو اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا۔
یہ پیش رفت ایک سینئر اسپورٹس صحافی نے سوشل میڈیا پر رپورٹ کی ہے، جس کے بعد کرکٹ حلقوں میں شدید چہ میگوئیاں جاری ہیں۔ذرائع کے مطابق بابر اعظم اسکواڈ میں شامل نہ کیے جانے پر خاصے پریشان ہیں۔ انہوں نے دو روز قبل ڈائریکٹر اکیڈمیز و ہائی پرفارمنس سینٹر عاقب جاوید سے ملاقات کی، جس میں انہوں نے اپنے تحفظات اور بےچینی سے آگاہ کیا۔ ملاقات میں انہوں نے ٹیم میں اپنی مستقل جگہ، سلیکشن کے طریقہ کار اور مستقبل کے لائحہ عمل پر گفتگو کی۔
مزید یہ کہ سابق چیف سلیکٹر وہاب ریاض کی رہائش گاہ پر ہونے والی ایک دعوت کے دوران بھی بابر اعظم نے شاہین شاہ آفریدی سے بات چیت کی کوشش کی، تاہم مصروفیت اور فیملی ممبران کی موجودگی کے باعث وہ ملاقات مکمل نہ ہو سکی۔ذرائع کے مطابق یہ 25 رکنی اسکواڈ حتمی نہیں بلکہ ابتدائی ہے، جس میں رد و بدل کا امکان موجود ہے۔ تاہم بابر اعظم اور محمد رضوان جیسے سینئر کھلاڑیوں کو نظر انداز کیے جانے پر کرکٹ شائقین میں تشویش پائی جاتی ہے۔