پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ویسٹ انڈیز کے خلاف وائٹ بال سیریز کے لیے 15 رکنی قومی ویمنز کرکٹ ٹیم کا اعلان کر دیا۔
آل راؤنڈر فاطمہ ثنا کو ایک بار پھر قومی ٹیم کی قیادت سونپ دی گئی ہے، جو ویمنز بگ بیش لیگ (ڈبلیو بی بی ایل) میں شرکت کے باعث حالیہ آئی سی سی ویمنز ایمرجنگ نیشنز ٹرافی میں قومی اسکواڈ کا حصہ نہیں تھیں۔پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق پاکستان ویمنز ٹیم دورہ ویسٹ انڈیز کے دوران تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اور تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے گی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان وائٹ بال سیریز 8 سے 20 دسمبر تک ڈومینیکا کے شہر روسو میں واقع ونڈسر پارک کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلی جائے گی۔سیریز کا آغاز 8 دسمبر کو پہلے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ سے ہوگا، جبکہ دوسرا ٹی ٹوئنٹی 10 دسمبر اور تیسرا میچ 12 دسمبر کو شیڈول ہے۔ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے بعد دونوں ٹیمیں ون ڈے فارمیٹ میں مدمقابل ہوں گی۔ پہلا ون ڈے 15 دسمبر، دوسرا 17 دسمبر اور تیسرا ون ڈے 20 دسمبر کو کھیلا جائے گا۔ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے سیریز پاکستان کے لیے خصوصی اہمیت کی حامل ہے، کیونکہ یہ آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ 2025-29 کا حصہ ہے۔ اس چیمپئن شپ کے تحت ٹیموں کو آئندہ ویمنز ون ڈے ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے کا موقع ملتا ہے۔اعلان کردہ 15 رکنی اسکواڈ میں کپتان فاطمہ ثنا کے علاوہ عائشہ ظفر، گل فیروزہ، مومنہ ریاست، منیبہ علی، نجیہہ علوی، نشرہ سندھو، صدف شمس، شوال ذوالفقار، سدرہ امین، سیدہ عروب شاہ، تسمیہ رباب، طوبیٰ حسن، ام ہانی اور وحیدہ اختر شامل ہیں۔
فاطمہ ثنا کی واپسی سے قومی ٹیم کو آل راؤنڈ کارکردگی اور قیادت کے شعبے میں تقویت ملنے کی توقع ہے۔ وہ آسٹریلیا میں اپنی پہلی ویمنز بگ بیش لیگ میں پرتھ اسکارچرز کی نمائندگی کر رہی تھیں، جس کے باعث وہ قومی ٹیم کی حالیہ ایمرجنگ نیشنز ٹرافی میں شرکت نہیں کر سکیں۔دوسری جانب پاکستان ویمنز ٹیم آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ 2025-29 کی پوائنٹس ٹیبل پر 9 میچز کھیلنے کے بعد 5 فتوحات کے ساتھ پانچویں پوزیشن پر موجود ہے۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف تین ون ڈے میچز میں کامیابی قومی ٹیم کی پوزیشن بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔دورے کے دوران پاکستان ویمنز ٹیم کے ہیڈ کوچ کی ذمہ داریاں شین ڈیٹز انجام دیں گے۔ یہ پاکستان ویمنز ٹیم کے ساتھ بطور ہیڈ کوچ ان کی پہلی سیریز ہوگی۔ اس سے قبل وہ ویسٹ انڈیز ویمنز ٹیم کے ہیڈ کوچ رہ چکے ہیں۔
پی سی بی کے مطابق ٹیم مینجمنٹ میں عائشہ اشعر ٹیم منیجر، عبدالرحمٰن اسپن بولنگ کوچ، عمید آصف فاسٹ بولنگ کوچ، عبدالمجید فیلڈنگ کوچ اور عمران فرحت بیٹنگ کوچ کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔