ویسٹ انڈیز سیریز: قومی ٹیم مکمل تیار، کامیابی کے لیے پُراعتماد ہیں: بابر اعظم

ویسٹ انڈیز سیریز: قومی ٹیم مکمل تیار، کامیابی کے لیے پُراعتماد ہیں: بابر اعظم

پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے قومی ٹیم کی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام کھلاڑی مکمل اعتماد کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔

برائن لارا کرکٹ اکیڈمی میں پہلے ٹیسٹ میچ سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ قومی ٹیم گزشتہ تقریباً دو ماہ سے اس سیریز اور آئندہ بین الاقوامی مصروفیات کی بھرپور تیاری کر رہی ہے، جبکہ کھلاڑیوں نے اپنی فٹنس اور مہارت بہتر بنانے کے لیے سخت محنت کی ہے۔انہوں نے دوبارہ ٹیسٹ ٹیم کی قیادت ملنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس ذمہ داری کا کوئی دباؤ نہیں، کیونکہ گزشتہ دورِ کپتانی سے حاصل ہونے والا تجربہ اس بار ٹیم کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگا۔بابر اعظم نے کہا کہ قومی اسکواڈ میں نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں کا بہترین امتزاج موجود ہے، جس کی بدولت ٹیم کو سیریز میں کامیابی کی امید ہے۔

انہوں نے انجری کے باعث سیریز سے باہر ہونے والے نوجوان اوپنر عبداللہ فضل کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک باصلاحیت اور پراعتماد بیٹر ہیں، جنہوں نے اپنے ابتدائی ٹیسٹ میچز میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔پچ کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے قومی کپتان نے کہا کہ حالیہ بارشوں کے باعث وکٹ تیز گیند بازوں کے لیے زیادہ سازگار دکھائی دے رہی ہے، اس لیے پہلے ٹیسٹ میں فاسٹ بولرز اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔