برطانوی کرائم ایجنسی نے شیخ حسینہ واجد کے قریبی ساتھی سیف الزمان چودھری کے اثاثے منجمد کر دیے

برطانوی کرائم ایجنسی نے شیخ حسینہ واجد کے قریبی ساتھی سیف الزمان چودھری کے اثاثے منجمد کر دیے

لندن: برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی (NCA) نے بنگلا دیش کی سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد کے قریبی ساتھی اور سابق وزیر سیف الزمان چودھری کے برطانیہ میں 11 ملین پاؤنڈز مالیت کے اثاثے منجمد کر دیے ہیں۔

سیف الزمان پر کرپشن اور عوامی دولت کے ناجائز استعمال کے سنگین الزامات ہیں۔رپورٹس کے مطابق سیف الزمان چودھری نے محض 12 ہزار ڈالر سالانہ آمدن ظاہر کرنے کے باوجود دنیا بھر میں تقریباً 500 ملین ڈالر خرچ کیے، جب کہ لندن، دبئی اور نیویارک میں ان کے غیر ظاہر شدہ اثاثوں کی چھان بین جاری ہے۔ مجموعی طور پر ان کے 350 غیر ملکی اثاثوں کی تحقیقات ہو رہی ہیں۔یہ کارروائی بنگلا دیشی حکام کی درخواست پر کی گئی، جسے شیخ حسینہ واجد کے وزرا کی کرپشن کے خلاف بڑی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق یہ اقدام عوامی لیگ کی کرپٹ قیادت کے خلاف برطانیہ کی جانب سے پہلا بڑا عملی قدم ہے۔

الجزیرہ کی ایک دستاویزی فلم میں سیف الزمان کی پرتعیش طرزِ زندگی، لاکھوں ڈالرز کے کپڑے، مہنگے جوتے اور اعلیٰ طرز کی رہائش گاہوں کو بے نقاب کیا گیا تھا۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ شیخ حسینہ کی حکومت نے بھارتی حمایت اور مودی سرکار کی سرپرستی میں برسوں تک بدعنوانی کو سرکاری تحفظ فراہم کیا۔شیخ حسینہ واجد کی حکومت کے خاتمے کے بعد کرپشن، اختیارات کے ناجائز استعمال اور عوامی وسائل کی لوٹ مار کے خلاف بنگلا دیش میں شدید عوامی ردعمل دیکھنے میں آ رہا ہے، اور سیف الزمان کیخلاف یہ کارروائی اسی تسلسل کا حصہ سمجھی جا رہی ہے۔