اداکار راشد محمود کو رحیم یار خان میں اغواء کرنے کی کوشش‘تشدد

راشد محمود اہلیہ کو لینے گئے تھے‘تیزرفتار موٹرسائیکل ان کی گاڑی سے آ ٹکرائی
موٹر سائیکل سوار سمیت متعددافراد نے راشد محمود پر تشدد شروع کردیا‘شناختی کارڈ چھین لیا
شہری نے پہچان کر ان کی جان بچائی‘وزیراعلی واقعہ کا فوری نوٹس لیں:صدر لاہور پریس کلب

لاہور(کرائم رپورٹر)پرائیڈ آف پرفارمنس لیجنڈری اداکار، صداکار، شاعر اور دانشور راشد محمود کو رحیم یار خان میں  اغواء￿  کرنے کی کوشش، مار مار کر ادھ موا کر دیا۔ موبائل فون، پرس چھیننے کی کوشش، شناختی کارڈ ساتھ لے گئے۔ اداکار راشد محمود گذشتہ روز اپنی اہلیہ کو لینے رحیم یار خان گئے تھے۔ راشد محمود نے اپنے ویڈیو بیان میں بتایا  راستہ بھٹکنے  کے باعث وہ شیخ زید پل والی سائیڈ پر نکل گئے جہاں سڑک کے ایک طرف اپنی گاڑی میں بیٹھے تھے کہ سامنے سے انتہائی تیز رفتار موٹرسائیکل آ ٹکرائی۔ موٹرسائیکل پر دو خواتین اور دو بچے بھی سوار تھے۔ موٹرسائیکل سوار نے اٹھتے ہی راشد محمود کو مارنا شروع کر دیا۔ کچھ دیگر افراد بھی وہاں پہنچ گئے اور ان پر تشدد شروع کر دیا۔ اس دوران ان سے موبائل فون اور پرس چھیننے کی بھی کوشش کی گئی۔ ان کے سینے پر مکے مارے گئے۔  شناختی کارڈ  چھین لیا۔اس دوران ایک شخص نے انہیں پہچان لیا اور بڑی مشکل سے ان کی جان بچائی۔لاہور پریس کلب کی جانب سے سینئر اداکار اور لاہور پریس کلب کے اعزازی ممبر راشد محمود پر تشدد کی بھرپور مذمت کی گئی ہے۔ صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری اور دیگر عہدیداروں نے لیونگ لیجنڈر اداکار اور پریس کلب کے اعزازی ممبر راشد محمود پر تشدد کرنے والوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے جس ملک میں فنکار محفوظ نہیں وہاں فنون لطیفہ کیسے پنپ سکتا ہے۔ راشد محمود دنیا بھر میں پاکستان کی پہچان ہیں۔ وزیر اعلٰی پنجاب واقعہ کا فوری نوٹس لیں اور راشد محمود کو بیہمانہ تشدد کا نشانہ بنانے والوں کو کیفر کردار تک پہنچائیں۔ پنجاب یونین یونین آف جرنلسٹس ،پروگریسو رائٹرز ایسوسی ایشن پاکستان، بزم انجم رومانی اور شوبز تنظیموں نے بھی اداکار راشد محمود کو تشدد بنانے کے واقعہ کی شدید مذمت کی اور واقعہ میں ملوث افراد کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔