بھارتی طیارہ احمد آباد میں گرکر تباہ‘242افراد ہلاک

ایئر انڈیا کا مسافر بردار طیارہ اڑان بھرنے کے ایک منٹ بعد ہی  آبادی اور ڈاکٹروں کے ہاسٹل پر گر کر تباہ ہوگیا‘  38 سالہ مسافر معجزانہ طور پر محفوظ رہا‘ہاسٹل میں موجود 3 ڈاکٹر ہلاک 45 زخمی ہوگئے
طیارے میں سابق وزیراعلیٰ گجرات وجے روپانی، 169 بھارتی شہری، 53 برطانوی، ایک کینیڈین اور 7 پرتگالی شہریوں سمیت 11 بچے بھی موجود تھے‘ّنوازشریف‘شہبازشریف‘بلاول بھٹو اور مریم نواز کا ہلاکتوں پر اظہار افسوس
احمد آباد‘اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک‘ایجنسیاں)بھارتی ریاست گجرات کے احمد آباد ایئرپورٹ کے قریب ایئر انڈیا کا مسافر طیارہ گر کر تباہ ہوگیا، بھارتی میڈیا کے مطابق طیارے میں سوار عملے کے12 ارکان سمیت تمام 242 افراد ہلاک ہوگئے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایئرانڈیا کی فلائٹ نمبر اے آئی 171 بھارتی ریاست گجرات کے احمد آباد ایئرپورٹ سے لندن  کیلئے روانہ ہوئی تھی‘میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثے کے شکار طیارے میں سابق وزیراعلیٰ گجرات وجے روپانی، 169 بھارتی شہری، 53 برطانوی، ایک کینیڈین اور 7 پرتگالی شہریوں سمیت 11 بچے بھی موجود تھے۔فلائٹ ریڈار کے مطابق اڑان بھرنے کے بعد ایک منٹ سے بھی کم وقت میں 625 فٹ کی بلندی پر طیارے سے رابطہ منقطع ہو گیا تھا۔بھارتی ڈی جی سول ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ طیارہ گرنے سے قبل ایک بج کر 39 منٹ پرکیپٹن نے مے ڈے کی کال دی، حادثے کا شکار بوئنگ 787 طیارہ 11 سال پرانا تھا۔ طیارہ اڑان بھرنے کے محض ایک منٹ بعد ہی گر کر تباہ ہوگیا۔ایک 38 سالہ مسافر معجزانہ طور پر محفوظ رہا جس کی شناخت رمیش کے نام ہوئی۔۔بھارتی میڈیا کے مطابق مسافر طیارہ گرنے سے ہاسٹل میں موجود 3 ڈاکٹر ہلاک جبکہ 45 ڈاکٹر زخمی ہو گئے‘دریں اثناء  وزیراعظم شہباز شریف،سابق وزیراعظم نواز شریف نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے بھارت میں طیارہ حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے