پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ سرفراز احمد نے سابق کپتان شان مسعود کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کپتانی سے ہٹنے کے باوجود وہ قومی ٹیم کے لیے ایک اہم کھلاڑی کے طور پر مؤثر کردار ادا کرتے رہیں گے۔
ویسٹ انڈیز روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ ان کی شان مسعود سے تفصیلی بات چیت ہوئی ہے اور وہ مکمل اعتماد کے ساتھ ٹیم کا حصہ ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اگرچہ شان مسعود کو معمولی ہیم اسٹرنگ کی تکلیف کا سامنا تھا، تاہم ان کا رویہ انتہائی مثبت اور پیشہ ورانہ رہا۔ہیڈ کوچ کے مطابق قومی ٹیم نے گزشتہ ایک ماہ کے دوران لاہور اور راولپنڈی میں سخت تربیتی کیمپ لگائے، جہاں ویسٹ انڈیز کی گرم اور مرطوب موسمی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے بھرپور تیاری کی گئی۔انہوں نے بتایا کہ کھلاڑیوں کو گرین پچز اور اسپن ٹریکس دونوں پر پریکٹس کرائی گئی، جبکہ ٹرینیڈاڈ میں شیڈول چار روزہ وارم اپ میچ ٹیم کو مقامی حالات سے ہم آہنگ ہونے میں مدد دے گا۔
سرفراز احمد نے حالیہ خراب نتائج کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں سے انفرادی ملاقاتیں کی گئی ہیں تاکہ ان پر ٹیم کی توقعات واضح کی جا سکیں اور کارکردگی میں بہتری لائی جا سکے۔انہوں نے بابر اعظم کو دوبارہ ٹیسٹ ٹیم کا کپتان بننے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ ایک باصلاحیت اور تجربہ کار قائد ہیں۔ سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم کا ہدف ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں کامیابی حاصل کرنا ہے۔