بابر اعظم کی دوبارہ کپتانی کیسے طے ہوئی؟ سرفراز احمد نے حقیقت بتا دی

بابر اعظم کی دوبارہ کپتانی کیسے طے ہوئی؟ سرفراز احمد نے حقیقت بتا دی

پاکستان ریڈ بال کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور سابق ٹیسٹ کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ قومی ٹیم کی قیادت بابر اعظم کو مکمل مشاورت اور باہمی رضامندی کے بعد سونپی گئی ہے، اور انہیں امید ہے کہ ان کی قیادت میں ٹیم بہتر نتائج دے گی۔

کراچی پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ قومی ٹیم کی پوری توجہ آئندہ بین الاقوامی مصروفیات پر مرکوز ہے اور کوشش ہوگی کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف دو ٹیسٹ میچز کی سیریز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ اس کے بعد انگلینڈ کے خلاف تین ٹیسٹ میچز کی اہم سیریز بھی شیڈول ہے، جو آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہے۔ ان کے مطابق دونوں سیریز پاکستان کے لیے انتہائی اہم ہیں اور ٹیم پوری تیاری کے ساتھ میدان میں اترے گی۔سرفراز احمد نے بتایا کہ اسلام آباد میں لگائے جانے والے قومی تربیتی کیمپ میں کھلاڑیوں کی تکنیکی مہارت (اسکلز) کو مزید بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم کی خامیوں اور گزشتہ کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا جا چکا ہے اور ان کمزوریوں کو دور کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

ریڈ بال ہیڈ کوچ نے بابر اعظم کی قائدانہ صلاحیتوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ امید رکھتے ہیں کہ ان کی قیادت میں قومی ٹیم زیادہ اتحاد، اعتماد اور جذبے کے ساتھ میدان میں اترے گی اور شائقین کی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کرے گی۔میڈیا کے کردار پر گفتگو کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ ماضی اور موجودہ دور کی صحافت میں نمایاں فرق آ چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلے کھیلوں کے صحافی میدان میں جا کر کھلاڑیوں کی کارکردگی کا باریک بینی سے جائزہ لیتے تھے، جبکہ اب سوشل میڈیا کے دور میں ماحول کافی تبدیل ہو چکا ہے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تنقید ہمیشہ کھلاڑیوں کی کارکردگی تک محدود ہونی چاہیے، ذاتی زندگی یا کردار کو نشانہ بنانا مناسب نہیں۔ سرفراز احمد نے کہا کہ مثبت اور تعمیری تنقید نہ صرف کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتی ہے بلکہ پاکستانی کرکٹ کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔