وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے یومِ شہدائے کشمیر کے موقع پر حقِ خودارادیت کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے کشمیری شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا ہے۔
اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ 13 جولائی 1931ء کے 22 شہداء سمیت تحریکِ آزادی کے ہر کشمیری شہید کا لہو آزادی، عزم اور قربانی کی لازوال داستان ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہدائے کشمیر کی عظیم قربانیاں تحریکِ آزادی کا روشن ترین باب ہیں اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام نے اپنے خون سے آزادی کی جو شمع روشن کی، وہ آج بھی کشمیریوں کے عزم و حوصلے کی علامت ہے۔مریم نواز شریف نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو ان کا جائز حقِ خودارادیت دلانے کے لیے مؤثر کردار ادا کرے۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی گراں قدر قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی اور وہ دن دور نہیں جب اہلِ جموں و کشمیر آزادی کی صبح دیکھیں گے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنے پیغام کے اختتام پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی اور ہر ممکن حمایت کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔