بالی ووڈ کی ڈریم گرل ہیما مالنی نے دھرمیندر کے انتقال کے بعد دیول خاندان میں اختلافات کی افواہوں کو سختی سے مسترد کر دیا ہے۔
ہیما مالنی نے سوشل میڈیا پر واضح کیا کہ سنی اور بوبی دیول کے ساتھ ان کے تعلقات خوشگوار اور قریبی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بعض لوگ دوسروں کے غم کو سنسنی خیز خبروں کے لیے استعمال کرتے ہیں، اسی لیے وہ عموماً خاموشی اختیار کرتی ہیں۔دھرمیندر کے انتقال کے بعد 24 نومبر کو بعض حلقوں میں دیول خاندان میں اختلافات کی قیاس آرائیاں شروع ہو گئی تھیں، خاص طور پر مختلف دعائیہ تقریبات کے انعقاد کے بعد۔ ہیما مالنی نے وضاحت دی کہ یہ ان کی ذاتی زندگی ہے اور وہ سب بالکل خوش اور ایک دوسرے کے قریب ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ سنی دیول اپنے والد کے اعزاز میں میوزیم بنانے کا ارادہ رکھتے ہیں اور تمام امور میں ان سے باہمی مشاورت کرتے ہیں، جو خاندان میں تعاون اور ہم آہنگی ظاہر کرتا ہے۔دھرمیندر کی آخری فلم دیکھنے کے بارے میں انہوں نے کہا کہ وہ ابھی اسے نہیں دیکھ سکتیں کیونکہ یہ ان کے لیے بہت جذباتی ہوگا، ممکن ہے بعد میں دیکھیں جب دل کے زخم کچھ بھر جائیں۔