دھرمیندر کا آخری پیغام کیا تھا؟ ہیما مالنی نے پہلی بار راز کھول دیا

دھرمیندر کا آخری پیغام کیا تھا؟ ہیما مالنی نے پہلی بار راز کھول دیا

بالی وڈ کی سینئر اداکارہ اور سابق رکن پارلیمنٹ ہیما مالنی نے اپنے حالیہ انٹرویو میں مرحوم اداکار دھرمیندر کے آخری پیغام سے پردہ اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے اہلِ خانہ کو ہمیشہ متحد رہنے کی تلقین کی تھی۔

بھارتی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں 78 سالہ ہیما مالنی نے بتایا کہ دھرمیندر نے اپنی زندگی کے آخری ایام میں خاندان کے افراد کو ایک دوسرے کے ساتھ محبت اور اتفاق سے رہنے کی نصیحت کی تھی۔ ان کے بقول، دھرمیندر کا کہنا تھا کہ "ہمیشہ خاندان کو ساتھ لے کر چلنا، چاہے حالات جیسے بھی ہوں، خاندان کو ہمیشہ پہلی ترجیح دینی چاہیے۔"ہیما مالنی نے اس موقع پر اپنے سوتیلے بیٹوں سنی دیول اور بوبی دیول کے ساتھ تعلقات پر بھی گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں نہایت اچھے اور بااخلاق بیٹے ہیں اور پورا خاندان ایک مضبوط رشتے میں بندھا ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کا خاندان اپنی ذاتی زندگی کو میڈیا کی توجہ کا مرکز بنانا پسند نہیں کرتا اور اسی روایت کو ہمیشہ برقرار رکھا گیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ دھرمیندر بھی ہمیشہ خاندانی معاملات کو نجی رکھنے کے قائل تھے اور انہیں کبھی اپنی ذاتی زندگی کی تشہیر پسند نہیں تھی۔ اسی لیے خاندان نے ہمیشہ باہمی احترام اور محبت کے ساتھ زندگی گزاری۔

یاد رہے کہ دھرمیندر اور ہیما مالنی کی پہلی ملاقات 1960 کی دہائی کے اواخر میں فلمی دنیا میں کام کے دوران ہوئی تھی۔ دونوں نے بعد ازاں شعلے، سیتا اور گیتا، ڈریم گرل اور دی برننگ ٹرین سمیت کئی کامیاب فلموں میں ایک ساتھ اداکاری کی، اور ان کی آن اسکرین کیمسٹری حقیقی زندگی کی محبت میں بدل گئی۔ دونوں نے 1980 میں شادی کی، جبکہ ان کی دو بیٹیاں ایشا دیول اور آہنا دیول ہیں۔ دھرمیندر اپنی پہلی اہلیہ پرکاش کور سے بھی چار بچوں کے والد تھے، جن میں اداکار سنی دیول اور بوبی دیول شامل ہیں۔