بالیوڈ کی سینئر اداکارہ ہیما مالنی نے اپنے مرحوم شوہر دھرمیندر کی پہلی اہلیہ اور ان کے بچوں کے ساتھ اختلافات کی خبروں کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ تمام باتیں من گھڑت اور بے بنیاد ہیں۔
ایک حالیہ انٹرویو میں ہیما مالنی نے دھرمیندر کی وفات کے بعد اپنی زندگی، خاندان اور اداکاری میں ممکنہ واپسی کے حوالے سے گفتگو کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ اب اپنے بچوں، پوتے پوتیوں اور عوامی ذمہ داریوں کے ساتھ وقت گزارتی ہیں، اور دھرمیندر کی یادیں ان کی زندگی کا اہم حصہ ہیں۔انہوں نے ان افواہوں کو بھی رد کیا جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ دھرمیندر کی پہلی فیملی اور ان کے درمیان تعلقات کشیدہ تھے۔ ہیما کا کہنا تھا کہ خاندان متحد ہے اور لوگوں کو سوشل میڈیا یا مصنوعی ذہانت سے بنائی گئی خبروں پر یقین نہیں کرنا چاہئے۔یاد رہے کہ دھرمیندر کی آخری رسومات اور دعائیہ تقاریب کے دوران بھی ایسی رپورٹس سامنے آئی تھیں کہ ہیما مالنی اور ان کی بیٹیاں پہلی فیملی کی تقریبات میں نمایاں طور پر موجود نہیں تھیں، جس کے بعد سے اختلافات کی قیاس آرائیاں اور بھی بڑھ گئی تھیں۔