پشاور شہر اور نواحی علاقے گہرے بادلوں کے لپیٹ میں ہیں اور موسم شدید سرد ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور سرد جبکہ بالائی اضلاع میں شدید سرد رہنے کا امکان ہے۔صوبے کے میدانی علاقوں پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان، صوابی، کرک اور بنوں میں دھند چھائے رہنے کی توقع ہے۔ لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان اور جی ٹی روڈ پر صبح اور رات کے اوقات میں بھی دھند رہنے کا امکان ہے۔ گزشتہ روز دیر اور باجوڑ میں بعض مقامات پر ہلکی بارش ریکارڈ کی گئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ سردی کالام میں منفی 6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کی گئی، جبکہ پاراچنار اور مالم جبہ میں منفی 3، دیر بالا میں منفی 2 اور دروش و چترال میں منفی ایک ڈگری ریکارڈ کی گئی۔ پشاور اور ڈیرہ اسماعیل خان میں درجہ حرارت 6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
دوسری جانب، پشاور کے باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر دھند کے باعث پروازوں کی آمد و رفت متاثر رہی۔ خراب موسم اور کم حدِ نگاہ کی وجہ سے قطر ایئرویز کی پرواز اسلام آباد منتقل کی گئی۔ سلام ایئر کی مسقط سے آنے والی پرواز اور فلائی عدیل کی ریاض سے آنے والی پرواز خراب موسم کے باعث سیالکوٹ اور کراچی منتقل کی گئی۔ سلام ایئر اور ایئر عربیہ کی دیگر پروازیں بھی تاخیر کا شکار ہیں۔پی اے اے کے مطابق دھند کے باعث حدِ نگاہ 300 سے 360 میٹر تک محدود ہے اور صبح 08:45 تک یہ صورتحال برقرار رہنے کا امکان ہے۔