امریکا نے اپنے شہریوں کو ایران فوری طور پر چھوڑنے کی ہدایت جاری کر دی ہے، کیونکہ ملک بھر میں جاری احتجاجات دن بہ دن شدت اختیار کر رہے ہیں اور حالات "پرتشدد" ہونے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔
امریکی سفارتخانے کی وارننگ میں کہا گیا ہے کہ ایران میں احتجاجات کے باعث گرفتاریاں، زخمی ہونے، سخت سیکیورٹی اقدامات، سڑکیں بند، ٹرانسپورٹ معطل اور انٹرنیٹ کی بندش جیسے حالات پیدا ہو رہے ہیں، جو امریکی شہریوں کی سلامتی کے لیے خطرناک ہیں۔سفارتخانے نے مشورہ دیا ہے کہ امریکی شہری اگر ممکن ہو تو زمینی راستوں کے ذریعے آرمینیا یا ترکی کے راستے ایران چھوڑیں، اور انٹرنیٹ بندش کے پیشِ نظر رابطے کے متبادل انتظامات بنائیں۔
دوہری شہریت رکھنے والے امریکی ایرانی شہریوں کو بھی خبردار کیا گیا ہے کہ ایران دوہری شہریت تسلیم نہیں کرتا، اس لیے وہ ایران چھوڑنے کے لیے اپنے ایرانی پاسپورٹ کا استعمال کریں۔سفارتخانے نے مزید کہا کہ ایران میں موجود شہری احتجاجات سے دور رہیں، عوامی اجتماعات میں شامل نہ ہوں اور خود کو محفوظ مقامات پر رکھیں۔