3ٹائون کارپوریشنز قائم ،ہر ٹائون کارپوریشن میں میئر،2 ڈپٹی میئر ہو نگے
اسلام آباد (بیورو رپورٹ) اسلام آباد میں بلدیاتی نظام سے متعلق اہم پیش رفت ہوئی ہے جس میں بلدیاتی انتخابات ایک بار پھر ملتوی کر دئیے گئے جبکہ صدرِ مملکت نے اسلام آباد لوکل گورنمنٹ آرڈیننس جاری کر دیا۔ اس آرڈیننس کے ذریعے اسلام آباد لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں ترمیم کی گئی ۔آرڈیننس کے تحت وفاقی دارالحکومت میں میٹروپولیٹن کارپوریشن کا نظام ختم کر کے ٹائون کارپوریشنز قائم کی جائیں گی اور اسلام آباد کو قومی اسمبلی کے تین حلقوں کی بنیاد پر تین ٹائون کارپوریشنز میں تقسیم کیا جائے گا۔ ہر ٹائون کارپوریشن میں یونین کونسلز کی تعداد وفاقی حکومت نوٹیفائی کرے گی۔ حکومت عوامی اعتراضات اور سفارشات سننے کے بعد ٹائون کارپوریشنز اور یونین کونسلز کی حدود میں ترمیم کر سکے گی تاہم الیکشن شیڈول کے اعلان کے بعد کسی قسم کی حدبندی میں تبدیلی ممکن نہیں ہوگی۔آرڈیننس میں واضح کیا گیا کہ مقامی حکومت سے مراد یونین کونسل اور ٹائون کارپوریشن ہو گی جبکہ جہاں مقامی حکومت فعال نہ ہو وہاں ایڈمنسٹریٹر تعینات کیا جائے گا۔ ٹائون کارپوریشن یا یونین کونسل کا سربراہ میئر یا چیئرمین ہوگا۔انتظامی ڈھانچے کے مطابق ہر ٹائون کارپوریشن میں ایک میئر اور دو ڈپٹی میئر ہوں گے جبکہ یونین کونسل کے چیئرمین بطور جنرل ممبران ٹائون کارپوریشن کا حصہ ہوں گے۔ ہر ٹائون کارپوریشن میں چار خواتین، ایک کسان یا ورکر، ایک تاجر، ایک نوجوان اور ایک غیر مسلم رکن بھی شامل ہوں گے۔یونین کونسل کی سطح پر جنرل ممبران کا انتخاب خفیہ رائے شماری کے ذریعے ہو گا جس کے لیے پوری یونین کونسل کو ملٹی ممبر وارڈ قرار دیا گیا ہے۔ ہر ووٹر صرف ایک جنرل ممبر امیدوار کو ووٹ دے سکے گا اور سب سے زیادہ ووٹ لینے والے نو امیدوار جنرل ممبران منتخب ہوں گے۔ کامیاب امیدوار تیس دن کے اندر کسی بھی سیاسی جماعت میں شمولیت اختیار کر سکیں گے۔جنرل ممبران یونین کونسل کی مخصوص نشستوں پر ارکان کا انتخاب شو آف ہینڈ کے ذریعے کریں گے جبکہ جنرل اور مخصوص نشستوں کے ممبران اپنے اندر سے چیئرمین اور وائس چیئرمین بھی شو آف ہینڈ کے ذریعے منتخب کریں گے۔ چیئرمین اور وائس چیئرمین بھی انتخاب کے بعد تیس دن کے اندر کسی سیاسی جماعت میں شمولیت اختیار کر سکیں گے۔ٹائون کارپوریشن کی سطح پر جنرل ممبران مخصوص نشستوں کے ارکان کا انتخاب شو آف ہینڈ کے ذریعے کریں گے جبکہ ٹائون کارپوریشن کے تمام ممبران اکثریتی ووٹ کے ذریعے مشترکہ طور پر میئر اور ڈپٹی میئر منتخب کریں گے۔ صرف ٹائون کارپوریشن کا رکن میئر یا ڈپٹی میئر کے انتخاب کے لیے اہل ہو گا۔انتخابی امور کے حوالے سے یونین کونسلز کی حلقہ بندی الیکشن کمیشن آف پاکستان کرے گا جبکہ وزارت داخلہ کی سفارش پر حکومت ٹائون کارپوریشن میں یونین کونسلز کی تعداد میں اضافہ یا کمی کر سکتی ہے۔مالی اختیارات کے تحت مقامی حکومت یا ایڈمنسٹریٹر کو ٹیکس، فیس، کرایہ، ٹول اور دیگر چارجز عائد کرنے کا اختیار حاصل ہو گا، تاہم ہر ٹیکس کی تجویز کی پیشگی منظوری حکومت سے لازمی ہو گی۔ ایڈمنسٹریٹر کی جانب سے تجویز کردہ ٹیکس حکومت کی منظوری کے بعد قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔ مقامی حکومت یا ایڈمنسٹریٹر ٹیکس میں اضافہ، کمی، خاتمہ یا استثنیٰ دینے کے بھی مجاز ہوں گے۔آرڈیننس کے مطابق حکومت مقامی حکومت یا ایڈمنسٹریٹر کو ہدایات جاری کر سکتی ہے اور ان ہدایات پر عمل درآمد لازم ہو گا۔