چین کی قومی دفاعی سائنس و ٹیکنالوجی صنعت کے بیورو (SASTIND) نے اعلان کیا ہے کہ جے-10 سی ای جنگی طیارے نے مئی 2025 میں اپنی پہلی عملی جنگی کامیابی حاصل کی۔
یہ پہلا موقع ہے کہ چین کے کسی سرکاری ادارے نے باضابطہ طور پر جے-10 سی ای کی جنگی میدان میں کامیابی کی تصدیق کی ہو۔بیان میں مئی 2025 کا حوالہ دیا گیا ہے، تاہم کسی مخصوص تنازع یا ملک کا براہِ راست نام نہیں لیا گیا۔ چینی سرکاری ذرائع کے مطابق جے-10 سی ای نے ایک فضائی لڑائی کے دوران متعدد دشمن طیاروں کو مار گرایا جبکہ خود کسی نقصان سے محفوظ رہا۔چین کی اسٹیٹ ایڈمنسٹریشن آف سائنس، ٹیکنالوجی اینڈ انڈسٹری فار نیشنل ڈیفنس (SASTIND) کے مطابق جے-10 سی ای ایک آل ویدر، سنگل انجن اور سنگل سیٹ ملٹی رول جنگی طیارہ ہے، جو فضائی برتری، انٹرسیپشن اور مختلف نوعیت کے حملوں کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ طیارے میں جدید ریڈار، جدید ایویونکس اور جدید ہتھیاروں کے نظام نصب ہیں۔
چینی سرکاری خبر ایجنسی کے مطابق جے-10 سی ای کی یہ جنگی کارکردگی عالمی دفاعی ماہرین اور بین الاقوامی ہوابازی صنعت کی توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔ اس کامیابی کو 2025 میں چین کی دفاعی سائنس و ٹیکنالوجی صنعت کی دس اہم ترین خبروں میں بھی شامل کیا گیا ہے۔چینی حکام کا کہنا ہے کہ جے-10 سی ای کی عملی جنگی کامیابی نہ صرف طیارے کی افادیت کا ثبوت ہے بلکہ اس سے دیگر چینی دفاعی مصنوعات کی عالمی منڈیوں تک رسائی میں بھی مدد ملے گی، جس سے چین کی دفاعی صنعت کو بین الاقوامی سطح پر مزید مسابقتی برتری حاصل ہو گی۔