پولیس مختلف ناموں، عابد علی، راجو، عباس علی اور رحمان ڈاکو کے نام سے جانتی ہے
گینگز ڈکیتی، بھتہ خوری، جعل سازی، پولیس اہلکار بن کر لوٹ مار اور زمینوں پر ناجائز قبضے جیسے جرائم میں ملوث تھے
سورت (آئی این پی )بھارتی ریاست گجرات کے شہر سورت کی کرائم برانچ نے ایک بڑے جرائم پیشہ نیٹ ورک کے سرغنہ کو گرفتار کرنے کا دعوی کیا ہے، جسے پولیس مختلف ناموں، عابد علی، راجو، عباس علی اور رحمان ڈاکو کے نام سے جانتی ہے۔بھارتی میڈیارپورٹس کے مطابق یہ گرفتاری ایسے وقت میں ہوئی ہے جب بھارت میں بولی ووڈ فلم دھرندھر کا ایک خیالی کردار رحمان ڈکیت خبروں میں زیرِ بحث ہے۔ اسی تناظر میں پولیس کا کہنا ہے کہ حقیقی زندگی کا ایک خطرناک مجرم بھی قانون کے شکنجے میں آ گیا ہے۔ پولیس کے مطابق رحمان ڈاکو بھارت کی کئی ریاستوں میں مطلوب تھا اور اس پر متعدد سنگین مقدمات درج تھے۔انڈیا ٹوڈے کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ رحمان ڈاکو کا تعلق بھارت کی ریاست مدھیہ پردیش کے شہر بھوپال سے ہے۔ خفیہ اطلاع ملنے پر کہ وہ سورت میں موجود ہے، کرائم برانچ کی ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اسے بغیر کسی فائرنگ کے گرفتار کر لیا۔ حکام کے مطابق وہ کسی بڑی واردات کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔رحمان ڈاکو چھ سے زائد گینگز کی قیادت کر رہا تھا جو بھارت کی 12 سے 14 ریاستوں میں سرگرم تھے۔ یہ گینگز ڈکیتی، بھتہ خوری، جعل سازی، پولیس اہلکار بن کر لوٹ مار اور زمینوں پر ناجائز قبضے جیسے جرائم میں ملوث تھے