اسلام پورہ میں پولیس نے موٹر سائیکل سواروں کو روکا تو فائرنگ کر دی گئی
کانسٹیبل شاہزیب زخمی ، ہسپتال منتقل ،ملزموں کی گرفتاری کیلئے ٹیمیں تشکیل
سرگودھا(خصوصی رپورٹ )مسلح افراد کی پولیس پر فائرنگ سے محافظ سکوا ڈ کا اہلکار زخمی ہو گیا۔ اسلام پورہ میں گشت کے دوران محافظ سکوا ڈ کی ٹیم نے ایک مشکوک موٹرسائیکل کو روکنے کی کوشش کی تو موٹرسائیکل سواروں نے رکنے کی بجائے فائرنگ کر دی، کانسٹیبل شاہزیب زد میں آ کر شدید زخمی ہو گیا،اسے تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں آپریشن کے بعد اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے ، اطلاع ملنے پر آر پی او ، ڈی پی او زخمی کانسٹیبل کی عیادت کے لیے ہسپتال پہنچ گئے، ڈی پی او نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے فرار ملزموں کی گرفتاری کے لئے خصوصی پولیس ٹیمیں تشکیل دے دیں، جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمہ درج کر کے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے جا رہے ہیں۔