پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان حج 2025 کے لیے معاہدہ طے پا گیا ہے جس میں پاکستانی عازمین حج کو بہتر سہولتیں فراہم کرنے کا عہد کیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین اور سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ نے اس معاہدے پر دستخط کیے۔اس معاہدے کے تحت، 179,210 پاکستانی رواں سال فریضہ حج ادا کریں گے۔ پاکستانی حجاج کو منیٰ میں خصوصی جگہ دی جائے گی، جس کے نرخ بھی کم ہوں گے۔ سعودی وزیر حج نے پاکستانی عازمین کو بہترین سہولتیں فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔حج کے پروگرام کو مزید قابل رسائی بنانے کے لیے 20 سے 25 دن کا مختصر حج پروگرام متعارف کرایا جائے گا، اور عازمین کو مدینہ منورہ میں 4 سے 8 روز کی رہائش کی سہولت دی جائے گی۔ ہر عازم کو خصوصی بیگ دیا جائے گا جس میں پاکستانی پرچم، کیو آر کوڈ، اور دیگر معلومات ہوں گی۔
مزید یہ کہ، عازمین حج کو ایک خصوصی موبائل ایپ فراہم کی جائے گی جس میں حج سے متعلق تمام معلومات جیسے گروپ کی تفصیلات، تربیتی شیڈول، فلائٹ معلومات، سعودی عرب میں رہائش اور مقامات کے لائیو نقشے دستیاب ہوں گے۔چوہدری سالک حسین سعودی وزارت حج کے زیر اہتمام جدہ میں جاری بین الاقوامی حج کانفرنس میں شرکت کریں گے اور مزید معاہدے کیے جائیں گے تاکہ حجاج کو بہترین سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔