سالم میں ڈیرے پر سوئے افراد پر مخالفین نے اندھا دھند فائرنگ کر دی، باپ بیٹے سمیت 3افراد جاں بحق ،2شدید زخمی ہو گئے،حملہ آور باآسانی فرار ہوگئے
چانڈیہ قبیلے کے دو گروپوں کے درمیان تنازع ایک بار پھر پرتشدد رخ اختیار کر گیا، شدید فائرنگ میں علی گل، شیراز علی اور سرفراز چانڈیو جان کی بازی ہار گئے
سرگودھا(آئی این پی )بھلوال اور اوستہ محمد میں فائرنگ کے واقعات میں مجموعی طور پر چھ افراد جاں بحق اور دو زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق دونوں واقعات دیرینہ دشمنیوں کا نتیجہ ہیں۔پولیس کے مطابق سرگودھا کی تحصیل بھلوال کے نواحی علاقے سالم میں دیرینہ دشمنی پر خون کی ہولی کھیلی گئی، جہاں ایک ڈیرے پر سوئے ہوئے افراد پر مخالفین نے اندھا دھند فائرنگ کر دی۔افسوسناک واقعہ ڈیرہ ریاض مانگٹ پر پیش آیا، جہاں باپ بیٹے سمیت 3 افراد جاں بحق اور 2 شدید زخمی ہو گئے۔جاں بحق ہونے والوں میں 25سالہ نبیل، 52سالہ محمد ریاض اور 35سالہ عثمان شامل ہیں۔ فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری اور ریسکیو 1122کا عملہ فوری طور پر موقع پر پہنچا۔ اہلکاروں نے لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا، جہاں زخمیوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے ۔واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جب کہ حملے کے بعد ملزمان با آسانی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔حکام کے مطابق واقعہ پرانی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے تاہم مکمل حقائق تفتیش مکمل ہونے کے بعد سامنے آئیں گے۔دوسرا واقعہ اوستہ محمد کے قریب چانڈیہ قبیلے کے دو گروپوں کے درمیان پیش آیا۔ پرانا تنازع ایک بار پھر پرتشدد رخ اختیار کر گیا، جس کے دوران دونوں جانب سے شدید فائرنگ کی گئی۔فائرنگ کے نتیجے میں علی گل، شیراز علی اور سرفراز چانڈیو جان کی بازی ہار گئے۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ بھی دیرینہ دشمنی کا نتیجہ ہے۔ فائرنگ کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہو گئے۔ لاشوں کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ علاقے میں کشیدگی برقرار ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں واقعات کی تفتیش جاری ہے اور جلد ملوث افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔