دو نوجوان ڈیم کے پانی میں سیلفی لیتے ہوئے گر گئے بچانے کی کوشش میںدیگر دوست بھی کود پڑے
نئی دہلی (آئی این پی)بھارت میں تلنگانہ کے سدی پیٹ ضلع کے ایک ڈیم میں حیدرآباد کے 5 نوجوان ڈوب کر اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق تلنگانہ کے ضلع سدی پیٹ میں ایک افسوسناک حادثہ رونما ہوا، جس میں پانچ نوجوان ڈیم میں ڈوب کر اپنی جان گنوا بیٹھے۔تفصیلات کے مطابق حیدرآباد کے مشیرباد کے علاقے سے تعلق رکھنے والے 7 نوجوان دوست ویک اینڈ کے موقع پر تفریح کے لیے کنڈا پوچمماں ساگر ڈیم کی سیر پر نکلے تھے مگر بد قسمتی یہ سفر ان نوجوانوں کے لئے آخری سفر ثابت ہوا۔دو نوجوان ڈیم کے پانی میں سیلفی لیتے ہوئے گر گئے انھیں بچانے کی کوشش میں باقی پانچ بھی پانی میں کود پڑے۔ مقامی افراد کی جانب سے نوجوانوں کو بچانے کی ہر ممکن کوشش کی گئی۔اطلاعات کے مطابق دو نوجوانوں کو بحفاظت ڈیم سے باہر نکال لیا گیا مگر دیگر پانچ نوجوان ڈوب کر ہلاک ہوگئے، بچائے گئے نوجوانوں کی شناخت محمد ابراہیم اور مرونگ کے ناموں سے ہوئی ہے۔مرنے والوں کی شناخت دھنش، لوہیت، دنیشور، ساحل اور جتن کے نا موں سے ہوئی ہے۔