کسان کی خوش حالی پنجاب و پاکستان کی خوش حالی، بنیاد مریم نواز نے رکھ دی:مریم اورنگزیب

جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے زراعت، توانائی اور صنعت کی ترقی وزیراعلیٰ کا ایجنڈا ، خواب تیزی سے حقیقت بن رہا ہے
لاہور(آئی این پی)وزیراعلی مریم نوازشریف نے پنجاب میں زراعت، شمسی توانائی اور صنعتی انقلاب کے لئے بڑے فیصلے کرتے ہوئے 28فروری تک 10ہزار ٹریکٹرز، مارچ تک مزید 2 ہزارسپرسیڈرز رعایتی قیمت پر کسانوں کو دینے کی ہدایت کردی جب کہ شہریوں کو مفت شمسی توانائی دینے کی سکیم میں مزید تیزی اور وسعت لانے کا فیصلہ کیا گیا۔ سینئر صوبائی وزیرمریم اورنگزیب کی زیرصدارت زراعت، توانائی، صنعت کی وزارتوں اور ذیلی محکموں کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس ہوا، سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت 6ماہ کے دوران وزارتوں اور محکموں کی کارکردگی کے جائزے کے سلسلے میں یہ چھٹا اجلاس تھا۔اجلاس میں ترقی اور منصوبہ بندی کے چیئرمین نبیل احمد اعوان،آصف طفیل اوردیگر محکموں کے سیکرٹریز نے شرکت کی، تمام وزارتوں اور محکموں نے چھ ماہ کے دوران وزیراعلیٰ کے شروع کردہ منصوبوں پر پیش رفت سے آگاہ کیا۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے زراعت، توانائی اور صنعت کی ترقی وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کا ایجنڈا ہے، پنجاب میں زرعی وصنعتی انقلاب سے خوش حالی لانے کا مریم نوازشریف کا خواب تیزی سے حقیقت بن رہا ہے، کسان کی خوش حالی پنجاب اور پاکستان کی خوش حالی ہے جس کی بنیاد مریم نواز نے رکھ دی ہے۔