بالی ووڈ و ہالی ووڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا جونس نے اپنے اور شوہر، امریکی گلوکار نک جونس کے درمیان عمر، ممالک اور مذاہب کے فرق کے باعث ہونے والی تنقید پر خاموشی توڑ دی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں پریانکا نے کہا کہ اگر کوئی ہماری شادی کے ختم ہونے کا انتظار کر رہا ہے تو کرتا رہے، میں نے اس بارے میں سوچنا چھوڑ دیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ ہر شخص کا ذاتی فیصلہ ہوتا ہے کہ وہ کس کے ساتھ زندگی گزارنا چاہتا ہے اور ہماری شادی کو 8 سال ہو چکے ہیں۔پریانکا نے بتایا کہ مختلف ممالک، مذاہب اور عمر کے فرق کو لوگ موضوعِ بحث بناتے رہے، جو ان کے لیے تکلیف دہ تھا، مگر انہوں نے دوسروں کی باتوں پر توجہ دینے کے بجائے ایک دوسرے پر توجہ مرکوز رکھی، کیونکہ یہ سب اب ان کے لیے بے معنی ہو چکا ہے۔
اداکارہ نے نک جونس کی سنجیدگی اور خلوص کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کی شادی بہت جلدی ہوئی، ملاقات کے صرف 6 ماہ بعد۔ پریانکا اور نک جونس نے 2018 میں بھارتی ریاست راجستھان میں شادی کی تھی۔ اس وقت پریانکا کی عمر 36 سال اور نک جونس کی 26 سال تھی۔ جوڑے کی بیٹی مالتی میری جونس چوپڑا جنوری 2022 میں پیدا ہوئی۔