نامکمل ترقیاتی کاموں ، ناقص معیارِ تعمیر پرسخت فالو اپ ،شکایتی سیل بنانے پرزور
لاہور (خصوصی رپورٹ)مواصلات و تعمیرات کی قائمہ کمیٹی کا اجلاس عارف محمود گل رکن صوبائی اسمبلی کی زیرِ صدارت ہوا۔ کمیٹی کے ارکان رکن اسمبلی عبداللہ وڑائچ، رانا ارشد اور امجد جاویدنے شرکت کی۔ اسمبلی سیکرٹریٹ سے فیصل بلال بٹر اور ارشد وڑائچ (ایڈیشنل سیکرٹریز)موجود تھے۔ سیکرٹری مواصلات و تعمیرات، چیف انجینئرز اور سینئر افسروں نے بریفنگ دی۔ایجنڈے میں محکمہ سے متعلق دو توجہ دلا ئو نوٹس شامل تھے جو محرکین کی عدم موجودگی پرزیر التوا رہے۔ سیکرٹری مواصلات نے جاری ترقیاتی منصوبوں، محکمانہ کارکردگی اورمنصوبہ بندی پر بریفنگ دی۔ کمیٹی کو ای ٹینڈرنگ و ٹولنگ سسٹمز کے نفاذ اور حکومتی عمل میں شفافیت و کارکردگی کو یقینی بنانے میں انکے فوائد سے آگاہ کیا گیا۔ سڑکوں کی تعمیر، بحالی و مرمت کے مانیٹرنگ نظام،وزیراعلیٰ کی خصوصی سکیموں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ محکمہ نے پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت منصوبے بھی شیئر کیے ۔کمیٹی نے بعض علاقوں میں نامکمل ترقیاتی کاموں اور ناقص معیارِ تعمیر پر تشویش کا اظہار کیااور سخت فالو اپ اور معیار یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ سیلاب متاثرہ سڑکوں کی بحالی کا بھی جائزہ لیا گیا۔ عوامی شکایات، تاخیر اور کام کے معیار سے متعلق مسائل حل کیلئے م ئوثر شکایتی سیل کے فوری قیام ، غیر فنڈ شدہ سکیموں پر بھی غورہوااور انکی بروقت بحالی وتکمیل پر زور دیاگیا۔