2 ہزار 223 فیڈرز پر 10 گھنٹے سے زائد لوڈ شیڈنگ

 پروٹیکٹڈ صارفین سوا دو کروڑ سے زائد ہوگئے :قومی اسمبلی وقفہ سوالات
 اسلام آباد (بیورو رپورٹ) ملک بھر میں بجلی کے پروٹیکٹڈ صارفین کی تعداد سوا دو کروڑ سے زائد ہوگئی، اکتوبر 2021 میں پروٹیکٹڈ صارفین کی تعداد صرف 95 لاکھ تھی ،حکومت نے ملک بھر میں 2 ہزار 223 فیڈرز پر 10 گھنٹے سے زائد لوڈشیڈنگ کا اعتراف بھی کرلیا۔ دو سال میں بجلی کے ترسیلی نقصانات 600 ارب روپے سے تجاوز کئے جانے کابھی انکشاف ہوا ، پاور ڈویژن نے تفصیلات تحریری طور پر قومی اسمبلی میں پیش کردیں۔ وقفہ سوالات کے دوران وزارتِ توانائی نے تحریری طور پر بتایا کہ یہ تاثر درست نہیں کہ 101 تا 200 کلو واٹ آور کے سلیب میں شامل 1 کروڑ 25 لاکھ 30 ہزار گھریلو صارفین کی اوسط ماہانہ کھپت صرف 26 کلو واٹ آور ہے۔ جون 2025 کے اعداد و شمار کے مطابق فی صارف اوسط کھپت 162 کلو واٹ آور رہی۔اسی طرح دسمبر 2025 تک نیٹ میٹرنگ کے تحت نصب شدہ صلاحیت 7 ہزار میگاواٹ تک پہنچ چکی ، جبکہ آف گرڈ سولر صلاحیت کا تخمینہ جی آئی ایس پر مبنی جائزے کے مطابق تقریباً 12 ہزار 629 میگاواٹ لگایا گیا ہے ،پارلیمانی سیکرٹری مواصلات گل اصغر خان نے بتایا کہ رواں سال این ایچ اے کے بجٹ سے سب سے زیادہ ترقیاتی منصوبے بلوچستان میں جاری ہیں،صرف چمن ،کراچی موٹر وے کے لیے 100 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔