کچے میں ہائی ٹیک آپریشنز کی تیاری

 پولیس کو پہلی بار تھرمل ڈرونز، نائٹ ویڑن گاگلز ، جدید کیمرے بھی دئیے جائیں گے،حکومت پر اضافی بوجھ نہیں پڑے گا
لاہور(کرائم رپورٹر )پنجاب کابینہ نے کچے کے حساس علاقوں میں جرائم کے خاتمے کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے لیس ہائی ٹیک آپریشنز کی منظوری دے دی ۔ اس فیصلے کے تحت پنجاب پولیس کو پہلی بار جدید تھرمل ڈرونز، نائٹ ویڑن گاگلز اور طویل فاصلے تک حرارت پکڑنے والے کیمرے فراہم کئے جائیں گے۔کابینہ کے 32ویں اجلاس میں منظور ہونے والے منصوبے کے تحت پولیس کو 10 تھرمل ڈرونز، 20 نائٹ ویڑن گاگلز، 20 تھرمل امیجری سرویلنس کیمرے (4 سے 5 کلومیٹر رینج)اور 22 تھرمل بائنیکولرز (2 سے 3 کلومیٹر رینج)دئیے جائیں گے۔یہ منصوبہ امریکی ادارے بیورو آف انٹرنیشنل نارکوٹکس اینڈ لا ء انفورسمنٹ افیئرز (INL)کے تعاون سے مکمل کیا جائے گا اور حکومت پنجاب پر کوئی اضافی مالی بوجھ نہیں پڑے گا۔