پروگرام کسانوں کیلئے ترقی کا نیا دور ثابت ہوگا‘ہائی ٹیک مشینری فنانسنگ پروگرام کے تحت بارہ اقسام کی جدید مشینری دستیاب ہوگی
قرضوں کی ادائیگی کے لئے 6 ماہ کی رعایتی مدت رکھی گئی ہے، سہ ماہی بنیاد پر 5 سال میں اقساط ادا کی جائیں گی:وزیراعلیٰ
لاہور (سپیشل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ہائی ٹیک فارم میکانائزیشن فنانسنگ پروگرام پورٹل کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔ وزیراعلیٰ نے ڈیجیٹل ٹچ کے ذریعے پورٹل لانچ کیا، جسے پنجاب میں زرعی انقلاب کا سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا پنجاب کی زراعت کو جدید خطوط پر استوار کرنا حکومت کا عزم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہائی ٹیک فارم میکانائزیشن فنانس پروگرام صوبے کے کسانوں کے لیے خوشحالی اور ترقی کا نیا دور ثابت ہوگا۔ سیکرٹری زراعت نے اس موقع پر پروگرام سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ کے مطابق پنجاب میں 12 اقسام کی ہائی ٹیک زرعی مشینری کے لیے 3 کروڑ روپے تک بلاسود قرضے فراہم کیے جائیں گے۔ قرضوں کی ادائیگی کے لیے چھ ماہ کی رعایتی مدت رکھی گئی ہے، جب کہ سہ ماہی بنیاد پر پانچ سال میں اقساط ادا کی جائیں گی۔قرض حاصل کرنے کے لیے فارمر، سروس پرووائیڈر اور ایگری کمپنیز پورٹل کے ذریعے درخواست جمع کرا سکیں گی۔ ہائی ٹیک مشینری کی تیاری میں چین کی 27، ترکی کی 10، اٹلی کی 5، جب کہ جاپان، امریکہ، برازیل، اسپین اور بیلاروس کی کمپنیاں شامل ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ پروگرام پنجاب کے کسانوں کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے اور زرعی پیداوار میں اضافہ کا ذریعہ بنے گا۔