لاہور(کرائم رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب کے وڑن کے مطابق پتنگ بازی کی روک تھام کے لئے موثر اقدامات کئے جائیں۔ پتنگ کی ڈور سے زخمی ہونے کی صورت میں تمام متعلقہ افسران جوابدہ ہوں گے۔یہ بات سربراہ لاہور پولیس بلال صدیق کمیانہ نے کیپٹل سٹی پولیس ہیڈ کوارٹرز میں منعقدہ اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اجلاس میں اقبال ٹاؤن اور صدر ڈویڑنز کی کارکردگی کاجائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں لاء اینڈ آرڈراور پبلک سروس ڈیلیوری سمیت مختلف پیشہ ورانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سی سی پی اولاہونے ہارس اینڈ کیٹل شو، چیمپئینز ٹرافی اور رمضان المبارک کے حوالے سے سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کرنے کی ہدایت کیں۔سی سی پی او لاہورنے ڈی آئی جی (انوسٹی گیشن)کوپراپرٹی کرائمزکی تفتیش پر بھر پور توجہ دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ انوسٹی گیشن کے معیار پرتوجہ دینے سے عوام کو بروقت ریلیف ملے گا۔بلال صدیق کمیانہ نے منشیات فروشی کے خلاف نتیجہ خیز اقدامات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ منشیات فروشوں کی بیخ کنی کیلئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنزمیں تیزی لائی جائے۔انہوں نے کہا کہ سپروائزری افسران انسدادِ منشیات آپریشنز کی خود نگرانی کریں۔سی سی پی او لاہور نے ایس ایس پی(آپریشنز)کوماتحت افسران کی کرائم کنٹرول کے حوالے سے کارکردگی کا روزانہ کی بنیاد پرجائزہ لینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ایس پیز ایس ایچ اوز کو ٹارگٹس دیں اورپرفارمنس پر فالو اپ لیں۔بلال صدیق کمیانہ نے مزید کہا کہ لاہور پولیس کے تمام شعبے باہمی اشتراک سے محکمانہ اہداف کے حصول میں اپنا کردار ادا کریں۔اجلاس میں ڈی آئی جی(انوسٹی گیشن)ذیشان رضا، ڈی آئی جی(آپریشنز)فیصل کامران، ایس ایس پی (انوسٹی گیشن)محمد نوید، ایس ایس پی (آپریشنز)تصور اقبال، اقبال ٹاؤن اور صدر ڈویڑنز کے ایس پیز، اے ایس پیز،سرکل افسران، ایس ایچ اوز اور انچارجز(انوسٹی گیشن)نے شرکت کی۔