لاہورڈویلپمنٹ پلان کے پراجیکٹس کیلئے ماہانہ ٹائم لائن مقررکرنے کی ہدایت، سینئر وزیر اور چیف سیکرٹری کو بروقت تکمیل کا ٹاسک سونپ دیا
پاکستان اور ہالینڈ کے مابین دیرینہ دوستانہ تعلقات وقت کے ساتھ مزید گہرے اور وسیع ہوئے ہیں: وزیراعلی کی سفیر سے ملاقات میں گفتگو
لاہور(سپیشل رپورٹر ) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے کہا ہے ترقیاتی سکیموں کی تکمیل میں تاخیر سے عوام کی روزمرہ زندگی متاثرہوتی ہے، خود کو عوام کے سامنے جوابدہ سمجھتی ہوں، مشکل میں نہیں دیکھ سکتی۔ ۔وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں لاہورڈویلپمنٹ پلان پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ مریم نواز شریف نے سینئر وزیر اور چیف سیکرٹری کو لاہور ڈویلپمنٹ کی بروقت تکمیل کا ٹاسک سونپ دیا جبکہ پلان کیلئے ماہانہ ٹائم لائن مقررکرنے کی ہدایت کی ہے۔اجلاس میں لاہور ڈویلپمنٹ پلان کے پہلے فیز کا مرحلہ وار جائزہ لیا گیا، وزیراعلی مریم نوازنے پراجیکٹس کا تصویری معائنہ بھی کیا، میونسپل کارپوریشن لاہور کی 3705 اور واسا کے زیر اہتمام 230 سٹریٹس کی تعمیرو بحالی کے لئے 30جون کی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی ہے۔دوران اجلاس واسا ورکس کیلئے 1573 گلیوں کی تعمیرومرمت کیلئے 31 جولائی کی حتمی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی ہے‘دریں اثناء مریم نواز شریف سے نیدرلینڈز کی پاکستان میں سفیر ہینی ڈی ویریس نے ملاقات کی۔ ملاقات میں معروف ڈچ ہاکی لیجنڈ فلورِس یان بوویلینڈر اورپاکستانی فٹبالر کائنات بخاری بھی شریک تھی۔ اس موقع پر دو طرفہ تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری، کھیلوں کے فروغ اور نوجوانوں کی فلاح پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنمائوں نے کھیلوں کے فروغ اور اس کے ذریعے عوامی روابط کے قیام پر خصوصی گفتگو کی گئی۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے ڈچ ہاکی لیجنڈ فلورِس یان بوویلینڈر اور پاکستانی نژاد ڈچ فٹبالر کائنات بخاری کی بھرپور پذیرائی کو سراہا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ پاکستان اور نیدرلینڈز کے مابین دیرینہ دوستانہ تعلقات ہیں۔پاکستان نیدرلینڈز کے باہمی تعلقات وقت کے ساتھ مزید گہرے اور وسیع ہوئے ہیں۔ ڈچ ہاکی لیجنڈ کی موجودگی پنجاب کے باصلاحیت نوجوانوں کے لیے حوصلہ افزا ہے۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ تاریخی طور پر پاک نیدرلینڈ تعلقات تجارت، زراعت، تعلیم اور استعداد کار میں قابلِ قدر فروغ کا باعث بنے ہیں۔سیاسی، اقتصادی، ثقافتی اور کھیلوں سمیت تمام شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید مستحکم بنائیں گے