پولیس ملازمین واہلخانہ کے علاج ومعالجے کے لیے فنڈز جاری

لاہور(کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سنگین بیماریوں کا شکار ملازمین اور انکے اہلخانہ کے علاج معالجے کیلئے مزید 32 لاکھ 70 ہزار روپے کے فنڈز جاری کر دیئے۔ تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ اے ایس آئی غلام شبیر عباس، ہیڈ کانسٹیبل فخر عباس اور کانسٹیبل منور حسین کو علاج معالجے کیلئے 5 لاکھ روپے فی کس جاری کیے گئے۔ اسی طرح کانسٹیبلز راشد فاروق اور طارق محمود کو مجموعی طور پر6 لاکھ 20 ہزار روپے دئیے گئے۔ اس کے علاوہ سب انسپکٹر رئیس شہزاد اور کانسٹیبل عبیداللہ کو علاج معالجے کیلئے اڑھائی لاکھ روپے فی کس دئیے گئے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے مزید بتایا کہ سب انسپکٹرز محمد عمران، محمد اشرف، ریٹائرڈ اے ایس آئی مسعود خان اور ڈرائیور کانسٹیبل محمد رمضان کو علاج کیلئے 1 لاکھ روپے فی کس دئیے گئے جبکہ ریٹائرڈ سب انسپکٹر محمد علی، اے ایس آئی امجد علی اور مرحوم اے ایس آئی محمد خالد کی بیوہ کو علاج معالجے کیلئے مجموعی طور پر 2 لاکھ روپے دئیے گئے۔ کینسر، دل، دماغ، آنکھوں و گردوں سمیت مختلف بیماریوں میں مبتلا پولیس ملازمین کو علاج معالجے اور سرجری کیلئے فنڈز جاری کیے گئے۔