بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر تخریبی کارروائیاں اور بدامنی پھیلانے کی سازشیں بے نقاب ہوگئیں۔
آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے پرامن علاقوں میں بھارتی فوج اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کی سرگرمیوں کی تفصیلات سامنے آئی ہیں۔
بھارتی فوج کی تخریب کاری
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، بھارت کی جانب سے نہتے شہریوں پر بلااشتعال فائرنگ اور بارودی سرنگوں (IEDs) کے ذریعے تخریب کاری کی کوششیں کوئی نئی بات نہیں۔2016 کے بعد سے بھارتی فوج کی جانب سے IEDs نصب کرنے کے 54 واقعات رپورٹ ہوئے۔چکوٹھی، نیزا پیر، چیریکوٹ، رکھ چکری، دیوا، بٹل، کوٹ کوٹیرہ سمیت مختلف علاقوں میں بارودی سرنگوں کی برآمدگی اور دھماکوں میں اضافہ ہوا ہے۔ان دھماکوں کے نتیجے میں متعدد معصوم شہری زخمی اور شہید ہو چکے ہیں۔
حالیہ بھارتی جارحیت
رواں ماہ بھی بھارتی تخریبی سرگرمیوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا:4 تا 6 فروری 2025 کے دوران بٹل سیکٹر اور راولاکوٹ کے علاقے میں 4 بھارتی IEDs برآمد ہوئیں، ایک شہری شہید ہوا۔
12 فروری 2025 کو دیوا اور باگسر سیکٹر میں بھارتی فوج نے فائر بندی کی خلاف ورزی کی، جس سے دو پاکستانی فوجی زخمی ہوئے۔
پاکستان کا ردعمل اور اقوام متحدہ کو شواہد کی فراہمی
پاکستان نے پونچھ، باغ، کوٹلی، میرپور، راولاکوٹ میں بھارتی تخریبی سرگرمیوں اور IEDs کی اسمگلنگ پر سخت احتجاج کیا۔پاکستان نے اقوام متحدہ کے حکام کے ساتھ بھارتی فوج کی تخریبی کارروائیوں کے شواہد کا تبادلہ کیا۔بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کے لیے جعلی مقابلے (False Flag Operations) اور جھوٹے الزامات لگا رہی ہے۔
بھارتی فوج کی منشیات اور اسلحہ اسمگلنگ
بھارتی فوج میں منشیات اور اسلحہ کی اسمگلنگ کے منظم نیٹ ورکس موجود ہیں:بھارتی فوج کے متعدد افسران بشمول 3 راجپوت، 12 جاٹ اور دیگر یونٹس کو منشیات اور اسلحہ اسمگلنگ میں ملوث ہونے پر سزائیں دی گئیں۔بھارتی انٹیلی جنس ایجنسیز ڈبل ایجنٹوں کو استعمال کرکے اسلحہ کی کھیپ بھارتی سرحدی یونٹس کے ساتھ اسمگل کرتی ہیں اور پھر انہیں پاکستانی ایجنٹ ظاہر کرکے جعلی مقابلوں میں ہلاک کر دیا جاتا ہے۔نومبر 2022 میں ایک بھارتی فوجی کو اسلحہ کا ذخیرہ چھپانے کی کوشش میں ایک شہری نے گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔
بھارتی فوج میں خودکشیوں میں اضافہ
بھارتی فوج میں ذہنی دباؤ اور بددلی کے باعث ہر سال خودکشی کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے۔بھارتی فوج ان واقعات کو دو طرفہ فائرنگ تبادلے کا نام دے کر چھپانے کی کوشش کرتی ہے۔
عالمی سطح پر بھارت کی تخریبی سرگرمیاں
بھارت بین الاقوامی سطح پر بھی تخریب کاری میں ملوث پایا گیا ہے:کینیڈا میں ہردیپ سنگھ نجر کا قتل اورامریکا میں گروپتونت سنگھ پنن کے قتل کی سازش اس سلسلے کی کڑیاں ہیں۔
علاقائی امن کے لیے خطرہ
دفاعی ماہرین کے مطابق، بھارت لائن آف کنٹرول پر اشتعال انگیزی، IEDs اور ہتھیاروں کی اسمگلنگ کے ذریعے خطے میں امن و سلامتی کے لیے سنگین خطرہ پیدا کر رہا ہے۔مودی حکومت مقبوضہ کشمیر میں ڈیموگرافی تبدیل کرنے، اختلاف رائے دبانے اور املاک پر قبضے کے اقدامات کر رہی ہے۔بھارت آزاد کشمیر میں بدامنی پیدا کرکے عوام اور فوج کے درمیان خلیج پیدا کرنا چاہتا ہے۔
پاکستان کا دوٹوک پیغام
پاکستان نے واضح کر دیا ہے کہ بھارتی سازشیں ناکام ہوں گی، اور بھارت کو اپنے اقدامات کے سنگین نتائج بھگتنا پڑ سکتے ہیں۔بھارت کو یہ بات نہیں بھولنی چاہیے کہ پاکستان اپنی سالمیت کے تحفظ کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔