اسلام آباد(آئی این پی ) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے خضدار میں زیرو پوائنٹ پر سکول بس پر ہونے والے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے جس کے نتیجے میں سکول بس میں سوار 4معصوم بچے شہید اور درجنوں زخمی ہو گئے ۔ جاری بیان کے مطابق چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ معصوم بچوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانا انتہائی قابل افسوس، بزدلانہ اور انسانیت سوز عمل ہے۔سید یوسف رضا گیلانی نے شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے زخمی طلبا کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے بھی واقعہ پر شدید رنج و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے دہشت گردی کی اس بزدلانہ کارروائی کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔