عمران خان نے خط کے حوالے سے تمام پوائنٹس نوٹ کروا کے ہدایات دے دی ہیں
خط کے مندرجات آج سامنے آئیں گے:فیصل چودھری کی اڈیالہ جیل کے باہرمیڈیا سے گفتگو
راولپنڈی(آئی این پی)بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے آج تیسرا کھلا خط آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو بھجوانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ عمران خان کے وکیل فیصل چوہدری نے اڈیالہ جیل کے باہر دیگر وکلا کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے خط کے مندرجات پارٹی رہنماں کو نوٹ کروا دیے، بانی پی ٹی ائی کا خط 6 پوائنٹس پر مشتمل ہوگا۔وکیل فیصل چودھری نے کہا کہ بانی پی ٹی ائی نے تیسرے خط کے حوالے سے تمام پوائنٹس نوٹ کروا کے ہدایات دے دی ہیں، خط میں ڈیپ اسٹرکچرل ریفارمز، حکومت کی پالیسیوں سے جمہوریت کو پہنچنے والے نقصان سمیت دیگر پوائنٹس شامل ہوں گے۔ان کا کہنا تھا کہ نو مئی کے واقع پر ہم آج بھی جوڈیشل کمیشن کے قیام کے مطالبے پر قائم ہیں، آٹھ فروری کے بعد پنجاب میں چھاپوں کا سلسلہ تاحال جاری ہے، وزیر آباد میں پولیس نے ہمارے ایک کارکن کا جنازہ نہیں پڑھنے دیا۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سمیت آج پارٹی کے دیگر لیڈرز جی ایچ کیو کیس میں پیش ہوئے ہیں، عامر ڈوگر کو اپوزیشن کے ساتھ مزاکراتی کمیٹی کا ممبر بنایا گیا ہے، سیاسی کمیٹی میں کچھ نئے ممبران کے اضافہ کا فیصلہ کیا گیا ہے، پارٹی کی جانب سے آج باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔