بھارتی ریاست اوڈیشہ میں سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے ایک اہلکار نے سرکاری رائفل سے خود کو گولی مار کر خودکشی کرلی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ اوڈیشہ میں قائم ایک فوجی کیمپ میں پیش آیا، جہاں اچانک گولی چلنے کی آواز سن کر افسران اور اہلکار موقع پر پہنچ گئے۔موقع پر پہنچنے پر اہلکار کو شدید زخمی حالت میں خون میں لت پت پایا گیا، جسے فوری طور پر قریبی ملٹری اسپتال منتقل کیا گیا۔ تاہم ڈاکٹرز کی کوششوں کے باوجود وہ جانبر نہ ہوسکا۔ طبی حکام کے مطابق اہلکار کی موت زیادہ خون بہہ جانے کے باعث ہوئی جبکہ گولی کنپٹی پر انتہائی قریب سے ماری گئی تھی۔اوڈیشہ پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے اہلکار کی سرکاری رائفل برآمد ہوئی اور پوسٹمارٹم رپورٹ میں بھی خودکشی کی تصدیق ہوگئی ہے۔ پولیس کے مطابق اہلکار کے کمرے سے کوئی خودکشی نوٹ نہیں ملا، تاہم وہ کافی عرصے سے ذہنی دباؤ کا شکار تھا اور گھر کے قریب تعیناتی نہ ہونے پر پریشان رہتا تھا۔
ضروری قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد اہلکار کی میت کو اس کے آبائی گاؤں روانہ کر دیا گیا، جبکہ واقعے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔واضح رہے کہ بھارت میں ذہنی دباؤ، پست ہمتی اور طویل تعیناتیوں کے باعث فوجی اور نیم فوجی اہلکاروں میں خودکشی کے واقعات اکثر سامنے آتے رہتے ہیں، جن کے سدباب کے لیے وزارت دفاع کی جانب سے متعدد رپورٹس اور سفارشات بھی جاری کی جا چکی ہیں، تاہم ایسے واقعات میں کمی نہ آ سکی۔