ارجنٹینا کے لیجنڈری فٹبالر لیونل میسی نے بھارتی شہر کلکتہ میں اپنے 21 میٹر (70 فٹ) بلند مجسمے کی نقاب کشائی کی۔
یہ مجسمہ کلکتہ کے لیک ٹاؤن میں واقع شری بھومی اسپورٹنگ کلب میں نصب کیا گیا ہے۔میسی، جو اس وقت بھارت کے تین روزہ دورے پر ہیں، سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر ورچوئل طور پر اس مجسمے کی نقاب کشائی کے موقع پر موجود تھے۔ تقریب میں بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان بھی شائقین کے ساتھ موجود تھے اور اس تاریخی لمحے کو میسی کے مداحوں کے ساتھ منایا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ مجسمہ لوہے سے تیار کیا گیا ہے اور میسی کو فیفا ورلڈ کپ ٹرافی تھامے ہوئے دکھاتا ہے۔ 45 افراد کی ٹیم نے 27 دن کی مسلسل محنت کے بعد یہ مجسمہ مکمل کیا، اور مجموعی طور پر اسے صرف 40 دن میں تیار کیا گیا۔میسی کے تین روزہ ’گوٹ ٹور‘ کے دوران وہ بھارت کے چار شہروں کا دورہ کریں گے، جن میں کلکتہ، حیدرآباد، ممبئی اور نئی دہلی شامل ہیں۔
اس دوران میسی ممکنہ طور پر بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی اور سابق کرکٹ کپتان سورو گنگولی سے بھی ملاقات کریں گے۔میسی نے بھارت میں شائقین سے ملاقات کو اپنا اعزاز قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت میرے لیے ایک خاص ملک ہے، یہاں گزارا گیا وقت میری یادوں میں آج بھی تازہ ہے، اور میں نئی نسل کے شائقین سے ملنے اور فٹبال کے لیے اپنی محبت بانٹنے کا منتظر ہوں۔کلکتہ میں وہ ایک مختصر دوستانہ میچ کھیلیں گے، جبکہ حیدرآباد میں ان کے اعزاز میں کنسرٹ اور ایک اور دوستانہ میچ کا امکان ہے۔