میسی کو ارجنٹینا کی ورلڈکپ کوالیفائنگ ٹیم سے باہر رکھنے کی وجہ سامنے آ گئی

میسی کو ارجنٹینا کی ورلڈکپ کوالیفائنگ ٹیم سے باہر رکھنے کی وجہ سامنے آ گئی

ارجنٹائن کے فٹبال اسٹار لیونل میسی 2026 ورلڈکپ کوالیفائرز کے دوران اپنی ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔

یہ فیصلہ میسی کی پٹھوں کی تکلیف کی وجہ سے کیا گیا ہے، جس کی وجہ سے وہ یوراگوئے اور برازیل کے خلاف ہونے والے اہم میچز میں ارجنٹائن کی نمائندگی نہیں کر سکیں گے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق، میسی جو اس وقت امریکی فٹبال لیگ میں انٹرمیامی کے لیے کھیل رہے ہیں، پٹھوں میں کھچاؤ کی شکایت کر رہے ہیں اور ان کا علاج جاری ہے۔ اس کے باعث انہیں آرام دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ وہ اپنی مکمل فٹنس حاصل کر سکیں۔ انٹرمیامی کی نمائندگی کرتے ہوئے میسی کو حالیہ دنوں میں پٹھوں کی تکلیف کا سامنا رہا ہے، جس سے ان کی ورلڈکپ کوالیفائرز میں شرکت متاثر ہوئی ہے۔

ارجنٹینا کی ٹیم اس وقت 2026 ورلڈکپ کوالیفائنگ ٹیبل پر 12 میچز میں 25 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر ہے، اور ان کے اگلے میچز یوراگوئے اور برازیل کے خلاف ہیں۔ تاہم، ان میچز میں میسی کی غیر موجودگی ارجنٹائن کے لیے بڑا چیلنج ہو سکتی ہے، خاص طور پر برازیل کے ساتھ روایتی حریفوں کا مقابلہ کرتے وقت۔میسی نے 2022 کے فیفا ورلڈکپ میں ارجنٹائن کو چیمپئن بنانے میں اہم کردار ادا کیا تھا، اور اب ان کی غیر موجودگی ارجنٹائن کے لیے بڑا دھچکا ثابت ہو سکتی ہے۔