بھارت: میسی کی تقریب میں شدید بدنظمی، منتظم گرفتار، اسٹیڈیم میں اینٹی رائٹ فورس تعینات

بھارت: میسی کی تقریب میں شدید بدنظمی، منتظم گرفتار، اسٹیڈیم میں اینٹی رائٹ فورس تعینات

ارجنٹائن کے اسٹار فٹ بالر لیونل میسی، جو تین روزہ ’گوٹ ٹور‘ کے سلسلے میں بھارت آئے ہیں، نے کلکتہ میں اپنے 70 فٹ بلند مجسمے کی نقاب کشائی کی۔

 یہ تقریب سالٹ لیک اسٹیڈیم میں منعقد ہوئی، لیکن شدید بدنظمی نے اس تاریخی موقعے کا مزہ کرکرا کر دیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق میسی اسٹیڈیم میں صرف 10 سے 15 منٹ قیام کر سکے، کیونکہ گراؤنڈ میں موجود وی آئی پیز نے انہیں گھیرے میں رکھا، جس سے مشتعل مداحوں نے اسٹینڈز میں توڑ پھوڑ کی، بوتلیں اور کرسیاں پھینکیں۔شدید بدنظمی کے نتیجے میں تقریب کے مرکزی منتظم کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ اسٹیڈیم میں اینٹی رائٹ فورس تعینات کرنا پڑی۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل جاوید شمیم نے اس گرفتاری کی تصدیق کی۔

رپورٹس کے مطابق ایونٹ کے ٹکٹ 5 ہزار سے 25 ہزار بھارتی روپے میں فروخت کیے گئے تھے، لیکن شائقین نے شکایت کی کہ اتنی بھاری رقم ادا کرنے کے باوجود وہ میسی کو واضح طور پر دیکھ نہ سکے۔ میسی مقامی وقت کے مطابق صبح 11 بج کر 15 منٹ پر اسٹیڈیم پہنچے اور تقریباً 20 منٹ تک موجود رہے۔مداحوں کا کہنا تھا کہ وہ سیکیورٹی اہلکاروں اور خصوصی مہمانوں کی وجہ سے میسی کو اسٹینڈز سے صحیح طریقے سے نہیں دیکھ سکے اور ایونٹ مایوس کن رہا، کیونکہ میسی نے نہ تو فٹبال کو کک لگائی اور نہ کوئی اور تقریباتی سرگرمی دکھائی۔