تلونڈی(خصوصی رپورٹ)گڈز ٹرانسپورٹ کی مسلسل ہڑتال نے تلونڈی ،الہ آباد اور گردونواح میں زندگی کا پہیہ جام کر دیا۔ سبزیوں اور پھلوں کی سپلائی مکمل طور پر معطل ،ملک کی دیگر منڈیوں سے زمینی رابطہ بھی منقطع ہو گیا ہے جس کے باعث اشیائے خورونوش کی شدید قلت پیدا ہونے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔سبزی منڈی تلونڈی اور الہ آباد میں کسانوں اور آڑھتیوں نے ٹرانسپورٹ کی فوری بحالی کے لیے بھرپور احتجاج کیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ رسد نہ ہونے کے باعث سبزیاں اور پھل خراب ہونے لگے ہیں، جس سے انہیں بھاری مالی نقصان کا سامنا ہے۔صدر انجمن تاجران الہ آباد حاجی منیر احمد نے بتایا کہ آڑھتی اور کسان شدید پریشانی میں مبتلا ہیں، آلو کی فصل پک کر تیار ہے مگر ٹرانسپورٹ نہ ہونے کے باعث فصل کھیتوں میں تباہ ہو رہی ہے۔تاجررہنما مہر دائود قصوری کا کہنا تھا ٹرانسپورٹ کی بندش سے تاجروں کا کروڑوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔ حکومت فوری طور پر ٹرانسپورٹرز سے مذاکرات کر کے ہڑتال ختم کرائے۔