پنجاب کے سرکاری گرلزکالجز میں فری وائی فائی فراہم

طالبات کو آن لائن کلاس میٹریل، تحقیق، اسائنمنٹ تیاری میں مدد ملے گی
صوبائی حکومت کا لیپ ٹاپ سکیم کو نجی یونیورسٹی طلبہ تک بڑھانے کا فیصلہ 
لاہور(کرائم رپورٹر )پنجاب میں اعلیٰ تعلیم کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے صوبے بھر کے سرکاری گرلز کالجز میں فری وائی فائی سروس باقاعدہ طور پر فراہم کر دی گئی۔یہ سہولت وزیر اعلیٰ مریم نواز کی خصوصی ہدایت پر متعارف کرائی گئی جس کا مقصد طالبات کو ڈیجیٹل وسائل تک آسان اور تیز رسائی فراہم کرنا ہے۔ نئی سروس کے آغاز سے طالبات کو آن لائن کلاس میٹریل، تحقیق، اسائنمنٹ کی تیاری اور ای لرننگ پلیٹ فارمز سے فائدہ اٹھانے میں مدد ملے گی۔حکومتی حکام کے مطابق یہ اقدام صوبے میں جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کی جانب ایک مثبت قدم ہے۔طالبات نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا فری وائی فائی کی فراہمی ان کیلئے بڑی سہولت ہے، مریم نواز نے طالبات کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے بہترین قدم اٹھایا۔کالج اساتذہ نے بھی اقدام کو سراہتے ہوئے کہا جدید سہولیات سے تعلیمی ماحول مزید مضبوط ہوگا۔ادھرپنجاب حکومت نے لیپ ٹاپ سکیم کو پہلی بار نجی یونیورسٹی طلبہ تک بڑھانے کا باقاعدہ فیصلہ کیاہے۔ ابتدائی مرحلے میں 10,000 لیپ ٹاپس اہل امیدواروں میں تقسیم کیے جائیں گے۔ اعلی ٰتعلیم کے محکمے نے تصدیق کی سکیم پر کام شروع ہو چکا ہے اور اہل طلبہ کو لیپ ٹاپس کی تقسیم جلد شروع کر دی جائے گی۔سرکاری ذرائع کے مطابق اہلیت کے معیار میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی سکیم میں وہ طلبہ شامل ہوں گے جو نجی یونیورسٹیوں میں داخل ہیں کم از کم 70فیصد نمبرز یا مساوی سی جی پی اے رکھتے ہیں اور پچھلے اجرا میں لیپ ٹاپ حاصل نہیں کر چکے۔